ٹی این این اردو - TNN URDU Logo
کرک: پولیس اور دہشت گردوں کے درمیان مقابلہ، کالعدم تنظیم کا دہشت گرد ہلاک Home / جرائم,عوام کی آواز /

کرک: پولیس اور دہشت گردوں کے درمیان مقابلہ، کالعدم تنظیم کا دہشت گرد ہلاک

کرک: پولیس اور دہشت گردوں کے درمیان مقابلہ، کالعدم تنظیم کا دہشت گرد  ہلاک

ابرار خٹک

خیبر پختونخوا کے ضلع کرک کے تھانہ شاہ سلیم کی حدود میں پولیس اور دہشت گردوں کے درمیان مقابلے کے دوران کالعدم تنظیم کا مطلوب دہشت گرد فدا اللہ مارا گیا۔ پولیس کے مطابق ہلاک دہشت گرد پولیس اہلکار سعید نواز کے قتل میں ملوث تھا اور ریاستی اداروں کو مطلوب تھا۔

ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر (ڈی پی او) کرک شہباز الٰہی کے مطابق پولیس اہلکار سعید نواز کی شہادت کے بعد ضلع بھر میں  آپریشن کا آغاز کیا گیا ہے۔ اسی سلسلے میں تھانہ شاہ سلیم پولیس کو خفیہ اطلاع موصول ہوئی کہ دہشت گرد گروہ، جو ثناء اللہ جلالی اور مولانا نذیر کی قیادت میں متحرک ہے، عباسہ خٹک کی طرف کسی منصوبے کے تحت روانہ ہے۔

اطلاع پر پولیس، سی ٹی ڈی و دیگر تھانوں کی نفری نے مشترکہ کارروائی کی اور مینا خیل کے مقام پر دہشت گردوں سے آمنا سامنا ہوا۔ دہشت گردوں نے پولیس پارٹی کو دیکھتے ہی اندھا دھند فائرنگ شروع کر دی، جس پر پولیس نے فوری جوابی کارروائی کی۔ فائرنگ کے تبادلے کے دوران دہشت گرد قریبی پہاڑیوں اور جنگلات کی طرف فرار ہو گئے۔

پولیس نے علاقے میں سرچ آپریشن شروع کیا جس کے دوران ایک دہشت گرد کی لاش ملی، جس کی شناخت فدا اللہ ولد حلیم خان کے طور پر ہوئی۔ ہلاک دہشت گرد کے قبضے سے کلاشنکوف، دو ہینڈ گرنیڈ، بنڈولئیر، میگزین اور 50 کارتوس برآمد کیے گئے۔

ابتدائی تحقیقات کے مطابق فدا اللہ اور اس کا گروہ گزشتہ روز شہید کیے جانے والے پولیس اہلکار سعید نواز کے قتل میں براہِ راست ملوث تھا۔

پولیس زرائع کا کہنا ہے کہ آپریشن کے دوران دہشت گردوں کے ٹھکانوں کا گھیراؤ کر کے ان کی تمام محفوظ پناہ گاہوں اور رہائشی کمروں کو مکمل سیکیورٹی اقدامات کے تحت نذر آتش اور مسمار کر دیا۔ ان کارروائیوں کے نتیجے میں دہشت گردوں کی سپلائی لائن منقطع ہو گئی ہے۔