خیبرپختونخوا کے ضلع مردان کی تحصیل رستم میں حالیہ بارشوں نے بڑے پیمانے پر نقصان پہنچایا ہے، جہاں چنڑکی ڈھیری کے مقام پر بکری فارم گرنے سے 30 سے زائد بکریاں ہلاک اور لاکھوں روپے کا نقصان ہوا ہے۔ فارم کے مالک عمر شید کے مطابق حادثے میں تین بکریاں زخمی بھی ہوئیں، جبکہ فارم کی عمارت اور اندر موجود ساز و سامان مکمل طور پر تباہ ہو گیا۔
عمر شید نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے بتایا کہ مجموعی طور پر انہیں 25 لاکھ روپے کا نقصان ہوا ہے، جس میں صرف بکریوں کی مالیت 10 لاکھ روپے بتائی گئی ہے۔ انہوں نے صوبائی حکومت سے مالی معاونت کی اپیل کی ہے تاکہ قدرتی آفت سے پہنچنے والے اس نقصان کا ازالہ ممکن ہو سکے۔
ادھر محکمہ سیاحت خیبرپختونخوا نے حالیہ موسمی صورت حال کو مدنظر رکھتے ہوئے سیاحوں کے لیے ایڈوائزری جاری کر دی ہے۔ سیکرٹری سیاحت ڈاکٹر عبدالصمد کے مطابق صوبے کے سیاحتی مقامات پر 21 سے 29 جولائی کے دوران فلیش فلڈز کا خطرہ موجود ہے۔ ایڈوائزری میں سیاحوں کو غیر ضروری سفر سے گریز، خطرناک علاقوں اور دریاؤں کے کنارے نہ جانے کی ہدایت کی گئی ہے۔
ڈاکٹر عبدالصمد نے کہا کہ لوگ بار بار خبردار کرنے کے باوجود ہدایات پر عمل نہیں کرتے جس سے خطرات بڑھ جاتے ہیں۔ انہوں نے سیاحوں کو تاکید کی کہ کسی بھی سیاحتی مقام کی طرف روانگی سے پہلے 1422 ہیلپ لائن پر کال کریں اور مقامی انتظامیہ سے رہنمائی حاصل کریں۔
انہوں نے مزید بتایا کہ گزشتہ روز بھی کاغان ڈیولپمنٹ اتھارٹی نے 500 سے زائد سیاحوں کو ریسکیو کیا، جب کہ جھیل سیف الملوک روڈ پر کلاؤڈ برسٹ کے باعث تودہ گرنے سے سڑک بند ہو گئی تھی۔