ٹی این این اردو - TNN URDU Logo
خیبر پختونخوا :فلیگ شپ سولر اسکیم میں بے ضابطگیاں، ٹینڈر منسوخ Home / خیبر پختونخوا,عوام کی آواز /

خیبر پختونخوا :فلیگ شپ سولر اسکیم میں بے ضابطگیاں، ٹینڈر منسوخ

خیبر پختونخوا :فلیگ شپ سولر اسکیم میں بے ضابطگیاں، ٹینڈر منسوخ

عبدالقیوم آفریدی
 

خیبرپختونخوا حکومت کا پہلا فلیگ شپ فری سولر منصوبہ کٹھائی میں پڑ گیا، صوبائی حکومت نے 33 ارب روپے کے حامل سولرائزیشن منصوبے کا  ٹینڈر منسوخ کر دیا ہے۔ محکمہ توانائی کے مطابق منصوبے کی ٹینڈر بولی میں بے ضابطگیوں اور لاگت میں غیر معمولی اضافے کے باعث ٹینڈر منسوخ کیا گیا ہے، اور منصوبے کے لیے ازسر نو پی سی ون تیار کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

 

محکمہ توانائی خیبرپختونخوا کے مطابق منسوخی کا فیصلہ بولی کے عمل میں بے ضابطگیوں اور تخمینہ لاگت میں غیر معمولی اضافے کی بنیاد پر کیا گیا ہے۔ سولرائزیشن منصوبے کی ٹینڈر کی تکنیکی تفصیلات میں غیرقانونی تبدیلیوں کے انکشافات بھی سامنے آئے ہیں۔ تمام پری کوالیفائیڈ بولی دہندگان کو اپنی بڈ سیکیورٹی یا بینک گارنٹیز واپس لینے کی بھی ہدایت کی گئی ہے۔

 

محکمہ توانائی کے مطابق منصوبے کی فی یونٹ لاگت 2 لاکھ 4 ہزار روپے رکھی گئی تھی، جبکہ ماہرین کے مطابق نظر ثانی شدہ تکنیکی تفصیلات کے بعد یہ لاگت تقریباً 1 لاکھ 40 ہزار ہونی چاہیے تھی۔ منصوبے کے حوالے سے سیکرٹری توانائی زبیر خان کا کہنا ہے کہ منصوبے کے تمام اعتراضات کو مدنظر رکھتے ہوئے ایک نیا PC-1 ازسر نو تیار کیا جائے گا، اور منصوبہ بہتر تکنیکی تفصیلات کے ساتھ قواعد و ضوابط کی مکمل پابندی کے تحت تیار کیا جائے گا۔

 

محکمہ توانائی خیبرپختونخوا کے مطابق منصوبے کا اعلان اگست 2024 میں وزیراعلیٰ علی امین گنڈا پور نے پشاور میں ایک تقریب کے دوران کیا تھا۔ منصوبے کے تحت 65 ہزار گھرانوں کو بالکل مفت جبکہ مزید 65 ہزار گھرانوں کو آدھی قیمت اور آسان اقساط پر سولر یونٹس دیے جانے تھے۔

منصوبے میں بیواؤں، خواجہ سرا کمیونٹی اور ضم شدہ قبائلی اضلاع کے عوام کو بھی شامل کیا گیا ہے۔ ذرائع کے مطابق منصوبے پر دو مرحلوں میں عمل درآمد ہونا تھا، پہلے مرحلے میں 65 ہزار گھرانوں کو جبکہ دوسرے مرحلے میں مزید 65 ہزار گھرانوں کو سولر یونٹس فراہم کیے جانے تھے۔

 

شہریوں نے مفت سولر سسٹم کے حصول کے لیے 25 لاکھ سے زائد آن لائن درخواستیں دی تھیں جن کی قرعہ اندازی اور مکمل عمل پہلے ہی مکمل ہو چکا تھا، تاہم اب تک شہری سولر سسٹمز کی راہ تک رہے ہیں۔ منصوبے کی ٹینڈر منسوخی کے باعث مزید کئی ماہ تاخیر ہونے کا خدشہ پیدا ہو گیا ہے۔