اسلام آباد میں امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو اور پاکستان کے نائب وزیر اعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار کے درمیان اہم ملاقات ہوئی، جس میں علاقائی استحکام، انسداد دہشتگردی، تجارتی تعاون اور معدنیات کے شعبے میں اشتراک پر تفصیلی بات چیت کی گئی۔
امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو نے ایران کے ساتھ مذاکرات میں پاکستان کے تعمیری کردار اور علاقائی امن و استحکام کے لیے پاکستان کی مسلسل کوششوں کو سراہا۔ دونوں رہنماؤں نے داعش خراسان (ISIS-K) کے خلاف تعاون سمیت انسداد دہشتگردی کے شعبے میں دوطرفہ شراکت کو مزید وسعت دینے پر اتفاق کیا۔
اس موقع پر اگست میں اسلام آباد میں ہونے والے پاک-امریکہ انسداد دہشتگردی مکالمے کے لیے تیاریوں پر بھی گفتگو ہوئی۔
وزیر خارجہ روبیو نے دونوں ممالک کے درمیان باہمی مفاد پر مبنی تجارتی تعلقات کو وسعت دینے اور معدنیات و کان کنی کے شعبے میں تعاون کے امکانات تلاش کرنے پر زور دیا۔
ماہرین اس ملاقات کو پاک-امریکہ تعلقات میں اعتماد سازی اور مشترکہ چیلنجز سے نمٹنے کے لیے باہمی کوششوں کو فروغ دینے کی جانب ایک اہم قدم قرار دے رہے ہے۔