پشاور ہائیکورٹ نے منشیات کیس میں سزا مکمل ہونے کے باوجود تقریباً 10 سال کراچی جیل میں قید رہنے والے ضلع کرم، خیبر پختونخوا کے شہری امین حسین کو ایک کروڑ روپے معاوضہ ادا کرنے کا حکم دیا ہے۔ عدالت نے سرکاری حکام کی غفلت اور فرائض کی انجام دہی میں ناکامی کو شہری کے بنیادی حقوق کی خلاف ورزی قرار دیا۔
چیف جسٹس پشاور ہائیکورٹ جسٹس ایس ایم عتیق شاہ نے 26 نومبر 2026 کو امین حسین کی درخواست پر تفصیلی فیصلہ جاری کرتے ہوئے خیبر پختونخوا حکومت کو 50 لاکھ روپے معاوضہ ادا کرنے جبکہ باقی 50 لاکھ روپے ذمہ دار سرکاری افسران سے برابر حصوں میں وصول کرنے کا حکم دیا۔
عدالتی فیصلے کے مطابق امین حسین کو یکم دسمبر 2014 کو منشیات کے مقدمے میں کراچی سینٹرل جیل منتقل کیا گیا تھا، جہاں انہوں نے 24 مئی 2016 کو ایک سال کی سزا مکمل کرلی، تاہم ضلع کرم میں اپنے والد کے مبینہ قتل کے مقدمے میں مطلوب ہونے کے باعث انہیں رہا نہیں کیا گیا۔ متعلقہ حکام کو انہیں کرم منتقل کرکے عدالت میں پیش کرنا تھا، لیکن سرکاری محکموں کی غفلت اور عدم تعاون کے باعث وہ تقریباً 10 سال کراچی جیل میں قید رہے اور متعلقہ عدالت میں پیش نہیں کیے گئے۔
فیصلے کے مطابق کراچی جیل حکام 2016 سے خیبر پختونخوا کے متعلقہ حکام کو متعدد خطوط ارسال کرتے رہے تاکہ امین حسین کو کرم منتقل کیا جاسکے، تاہم مؤثر کارروائی نہ ہوئی۔ مختلف مواقع پر پولیس، ضلعی انتظامیہ اور دیگر محکموں نے ذمہ داری ایک دوسرے پر عائد کی، جبکہ قیدی کی منتقلی سے متعلق اصل کیس فائل بھی غائب ہوگئی۔
امین حسین نے جیل سے براہ راست پشاور ہائیکورٹ کے چیف جسٹس کو درخواست ارسال کی، جس پر عدالت نے 30 اپریل 2026 کو متعلقہ حکام کو سات روز کے اندر انہیں کراچی سے بذریعہ ہوائی جہاز خیبر پختونخوا منتقل کرنے کا حکم دیا۔ عدالتی مداخلت کے بعد انہیں مئی 2026 میں ضلع کرم منتقل کیا گیا، جہاں 18 مئی کو بعد از گرفتاری ضمانت مل گئی۔
عدالت نے قرار دیا کہ سزا مکمل ہونے کے بعد تقریباً 10 سال تک امین حسین کو متعلقہ عدالت میں پیش نہ کرنا اور ضمانت کی درخواست دینے کے حق سے محروم رکھنا غیر قانونی تھا، جس سے آئین کے آرٹیکلز 4، 9، 10 اے اور 14 کے تحت ان کے بنیادی حقوق کی خلاف ورزی ہوئی۔
فیصلے میں کہا گیا کہ سرکاری انکوائری میں متعلقہ افسران کی غفلت، عدم دلچسپی اور فرائض کی ادائیگی میں ناکامی ثابت ہوئی، جس کے باعث شہری کو اپنی زندگی کے اہم 10 سال جیل میں گزارنا پڑے۔
پشاور ہائیکورٹ نے چیف سیکرٹری خیبر پختونخوا کو ذمہ دار افسران کے خلاف محکمانہ کارروائی جبکہ آئی جی پولیس کو متعلقہ پولیس اہلکاروں کی نشاندہی کرکے قانونی کارروائی کرنے کی ہدایت کی ہے۔ عدالت نے تمام کارروائیاں دو ماہ میں مکمل کرنے اور معاوضے کی ادائیگی سمیت پیش رفت رپورٹ جمع کرانے کا حکم دیا۔
عدالت نے واضح کیا کہ ایک کروڑ روپے معاوضے کی ادائیگی کے باوجود امین حسین قانون کے مطابق مزید ہرجانے کا دعویٰ بھی کرسکتے ہیں۔
