پشاور: پولیس نے آپریشن ’سٹریٹ فائٹ‘ کے تحت گزشتہ دو ہفتوں کے دوران رہزنی کی وارداتوں میں ملوث 9 ملزمان کو مبینہ پولیس مقابلوں میں ہلاک کیا ہے۔

 

ایس ایس پی انویسٹیگیشن ڈاکٹر سمیع کے مطابق رواں ماہ 850 سابقہ ریکارڈ یافتہ ملزمان کا ڈیٹا دوبارہ چیک کیا گیا اور ان کے انٹرویوز و معلومات کی بنیاد پر سرگرم سنیچنگ گروپس کی نشاندہی کی گئی، جبکہ شہر میں سٹریٹ کرائم کے 15 ہاٹ سپاٹس بھی شناخت کیے گئے ہیں جہاں پولیس پٹرولنگ بڑھا دی گئی ہے۔

 

انہوں نے بتایا کہ سنیچنگ کی وارداتوں پر فوری ردعمل کے لیے فعال ٹیموں کو ذمہ داریاں سونپی گئی ہیں، جبکہ مختلف کیسز میں مطلوب 27 ملزمان سے ریکوریز بھی کی جاچکی ہیں۔

 

ڈاکٹر سمیع کے مطابق نومبر کے آغاز میں سی سی پی او ڈاکٹر میاں سعید نے سردیوں میں سٹریٹ کرائم کی روک تھام اور ملزمان کی نشاندہی کے لیے آپریشن ’سٹریٹ فائٹ‘ شروع کیا تھا۔