خیبرپختونخوا کے ضلع خیبر کے علاقے تحصیل باڑہ عالم گودر گرلز ڈگری کالج میں امتحانی عملے، بالخصوص سپرنٹنڈنٹ پر طالبات کے ساتھ مبینہ بدسلوکی، تشدد اور ویڈیوز بنانے کے الزامات سامنے آئے ہیں، جس کے خلاف طالبات نے کیمسٹری کا پرچہ دینے سے انکار کرتے ہوئے امتحان کا بائیکاٹ کر دیا۔ طالبات کا مطالبہ ہے کہ متعلقہ امتحانی عملے کو فوری طور پر تبدیل کیا جائے۔
ذرائع کے مطابق کلنگہ ہائیر سیکنڈری اسکول کی طالبات نے اعلیٰ حکام کو تحریری درخواست میں امتحانی مرکز کے عملے کے نامناسب رویے اور ہراسانی سے متعلق شکایات کی ہیں اور واقعے کا نوٹس لے کر انصاف فراہم کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔
طالبات کے احتجاج اور پرچے کے بائیکاٹ کے بعد امتحانی عملے نے پولیس طلب کر لی۔ طالبات کے مطابق پولیس کے ذریعے انہیں کالج سے باہر نکال دیا گیا اور مرکزی دروازہ بند کر دیا گیا، جس کے باعث وہ کافی دیر تک سڑک پر کھڑی رہیں اور انہیں پریشانی کا سامنا کرنا پڑا۔
امتحانی مرکز میں طالبات کی ویڈیوز بنانے اور ان کے ساتھ نامناسب رویے کے الزامات نے والدین میں بھی تشویش پیدا کر دی ہے۔ والدین نے سوال اٹھایا ہے کہ امتحانی مراکز میں طالبات کو محفوظ اور باوقار ماحول فراہم کرنا کس کی ذمہ داری ہے اور شکایات کا ازالہ کرنے کے بجائے پولیس طلب کرکے انہیں باہر نکالنا کیوں ضروری سمجھا گیا؟
واقعے پر عوامی نیشنل پارٹی کے ضلعی صدر عبدالرازاق آفریدی نے بھی سخت ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے متعلقہ تعلیمی حکام، امتحانی بورڈ، ضلعی انتظامیہ اور محکمہ تعلیم خیبرپختونخوا سے فوری نوٹس لینے اور اعلیٰ سطح پر غیر جانب دارانہ تحقیقات کا مطالبہ کیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ سپرنٹنڈنٹ اور دیگر متعلقہ عملے کے کردار کا تعین کیا جائے اور طالبات پر مبینہ تشدد، ویڈیوز بنانے اور پولیس کے ذریعے انہیں کالج سے باہر نکالنے کے الزامات کی مکمل تحقیقات کی جائیں۔ الزامات ثابت ہونے پر ذمہ داروں کے خلاف محکمانہ اور قانونی کارروائی کی جائے۔
عبدالرازاق آفریدی نے مطالبہ کیا کہ متاثرہ طالبات کو بلاخوف و دباؤ کیمسٹری کا پرچہ دینے کا متبادل موقع فراہم کیا جائے تاکہ امتحانی انتظامات سے متعلق تنازع ان کے تعلیمی مستقبل کو متاثر نہ کرے۔
مقامی عمائدین نے بھی اعلیٰ حکام سے واقعے کی شفاف تحقیقات اور طالبات کو انصاف فراہم کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ تعلیمی اداروں اور امتحانی مراکز میں طالبات کے تحفظ، عزتِ نفس اور تعلیمی حقوق کو یقینی بنانا ضروری ہے۔ حکام کو چاہیے کہ شکایات کی تحقیقات کرکے حقائق سامنے لائیں۔
