پشاور: محکمہ جنگلی حیات خیبرپختونخوا نے کوکلاس فیزنٹ، کالیچ فیزنٹ اور برفانی چکور کے شکار کے لیے 91 اجازت نامے جاری کرنے کا فیصلہ کیا ہے، جس کے لیے درخواستیں طلب کرلی گئی ہیں۔

 

محکمہ جنگلی حیات کے مطابق ملاکنڈ اور ہزارہ وائلڈ لائف سرکلز کے مخصوص علاقوں میں شکار کی اجازت ہوگی، جبکہ شکار کا سیزن 27 نومبر 2026 سے 28 فروری 2027 تک جاری رہے گا۔ اجازت نامے پہلے آئیے، پہلے پائیے کی بنیاد پر جاری کیے جائیں گے اور ایک شکاری زیادہ سے زیادہ تین اجازت نامے حاصل کرسکے گا۔

فی اجازت نامہ فیس ایک لاکھ 25 ہزار روپے مقرر کی گئی ہے، جو 30 دن کے لیے مؤثر ہوگا اور ناقابل واپسی ہوگی۔ شکار کے لیے فی بندوق پانچ پرندوں کی حد مقرر کی گئی ہے۔

محکمہ کے مطابق اجازت ناموں سے حاصل ہونے والی آمدن کا 90 فیصد مقامی ترقی اور جنگلی حیات کے تحفظ کے لیے خرچ کیا جائے گا۔