خیبرپختونخوا کے ضلع کرک میں 6 سال بعد پولیو کا کیس سامنے آگیا ہے، جہاں 14 ماہ کی بچی میں وائرس کی تصدیق کے بعد رواں سال ملک بھر میں پولیو کیسز کی تعداد 10 ہوگئی ہے۔
محکمہ صحت کرک کے مطابق متاثرہ بچی زونیرہ کا تعلق تحصیل تخت نصرتی کی یونین کونسل شنواہ گڈی خیل کے گاؤں حکمی بانڈہ سے ہے۔
ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر شعیب خٹک کے مطابق پولیو وائرس سے بچی کی دائیں ٹانگ متاثر ہوئی ہے، جبکہ اس میں بیماری کی علامات 8 نومبر کو ظاہر ہوئی تھیں۔
محکمہ صحت کے مطابق کرک میں آخری پولیو کیس نومبر 2020 میں بھی اسی یونین کونسل سے رپورٹ ہوا تھا۔ رواں سال خیبرپختونخوا میں پولیو کے 8 کیسز سامنے آئے ہیں، جن میں بنوں اور خیبر سے 3، 3 جبکہ شمالی وزیرستان اور کرک سے ایک، ایک کیس رپورٹ ہوا ہے۔ سندھ میں بھی 2 کیسز سامنے آئے ہیں۔
دوسری جانب رواں سال ملک بھر میں ماحولیاتی نمونوں میں پولیو وائرس کی تصدیق کے کیسز کی تعداد 160 ہوگئی ہے۔
