نیشنل ڈیٹا بیس اینڈ رجسٹریشن اتھارٹی (نادرا) نے ملک بھر میں پیدائش، اموات، شادی اور طلاق کے اندراج کا نظام مزید محفوظ بنانے کے لیے چاروں صوبوں کے منتخب اضلاع کی یونین کونسلوں میں بائیومیٹرک تصدیق متعارف کرا دی ہے، جس کے تحت متعلقہ سرٹیفکیٹس کے اجرا سے پہلے درخواست گزاروں کی شناخت کی تصدیق لازمی ہوگی۔

 

نادرا کے مطابق نئے نظام کا مقصد شہریوں کے بنیادی اندراج کے ریکارڈ کو مستند بنانا اور جعلی سرٹیفکیٹس کے اجرا کی روک تھام ہے۔ اس مرحلے میں پنجاب، سندھ، خیبر پختونخوا اور بلوچستان کے منتخب اضلاع کو شامل کیا گیا ہے۔

 

خیبر پختونخوا میں پشاور کی منتخب یونین کونسلوں میں یہ نظام نافذ کیا گیا ہے،پشاور کے شہر ی اپنے متعلقہ علاقے کی یونین کونسل میں بائیومیٹرک تصدیق اور سرٹیفکیٹ  کے اجرا سے متعلق طریقہ کار کی تفصیلات حاصل کر سکتے ہیں جبکہ پنجاب میں راولپنڈی، جھنگ، بہاولنگر اور شیخوپورہ شامل ہیں۔

یہ بھی پڑھیے:  پیدائش سرٹیفکیٹ کے بغیر شناختی کارڈ بنوانے کا موقع، نادرا نے خواتین کے لیے سہولت کی آخری تاریخ مقرر کر دی

 

سندھ میں کراچی شرقی، کراچی غربی، حیدرآباد، ٹنڈو الہیار، سکھر، گھوٹکی، لاڑکانہ، قمبر شہدادکوٹ، شہید بینظیر آباد، نوشہرو فیروز، میرپورخاص اور تھرپارکر کی یونین کونسلوں میں بائیومیٹرک تصدیق شروع کی گئی ہے۔

 

اسی طرح بلوچستان میں کوئٹہ، نصیرآباد، جعفرآباد، قلات، شیرانی اور ژوب کی منتخب یونین کونسلوں کو بھی نئے نظام میں شامل کیا گیا ہے۔

 

نادرا نے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ اندراج کے نئے طریقہ کار سے متعلق معلومات کے لیے 1777 ہیلپ لائن پر رابطہ کر سکتے ہیں