نیشنل ڈیٹابیس اینڈ رجسٹریشن اتھارٹی (نادرا) کی جانب سے 18 سال سے زائد عمر کی ان خواتین کو خصوصی سہولت فراہم کی جا رہی ہے جو پیدائش سرٹیفکیٹ نہ ہونے کی وجہ سے اب تک شناختی کارڈ نہیں بنوا سکیں۔ یہ سہولت 31 دسمبر 2026 تک مخصوص شرائط کے تحت دستیاب ہوگی۔
اس سہولت سے فائدہ اٹھانے کے لیے شادی شدہ خواتین کے پاس یونین کونسل کا جاری کردہ کمپیوٹرائزڈ نکاح نامہ ہونا ضروری ہے، جبکہ ان کے والد یا والدہ میں سے کسی ایک اور شوہر کا شناختی کارڈ یا نائیکوپ بھی موجود ہونا چاہیے۔ درخواست گزار خاتون متعلقہ نکاح نامے کے ساتھ اپنے شناختی کارڈ کے حامل والد یا والدہ میں سے کسی ایک اور شوہر کے ہمراہ نادرا مرکز تشریف لائیں تاکہ بائیومیٹرک تصدیق کی جا سکے۔
اگر والد، والدہ یا شوہر کا انتقال ہو چکا ہو لیکن ان کا ریکارڈ نادرا میں موجود ہو تو دفتر میں چند سوالات کے تسلی بخش جوابات دینے پر بھی درخواست جمع کر لی جائے گی۔ 18 سال سے زائد عمر کی غیر شادی شدہ خواتین پر شوہر سے متعلق شرائط لاگو نہیں ہوں گی۔
اسی طرح 24 سال سے زائد عمر کے ایسے مرد بھی اس سہولت سے فائدہ اٹھا سکتے ہیں جنہوں نے اب تک شناختی کارڈ نہیں بنوایا، بشرطیکہ ان کے والد یا والدہ اور کم از کم ایک بہن یا بھائی کا شناختی کارڈ یا نائیکوپ بنا ہوا ہو۔ ایسے مرد درخواست جمع کرانے کے لیے شناختی کارڈ کے حامل والد یا والدہ کے ہمراہ نادرا مرکز جائیں۔ اگر والدین کا انتقال ہو چکا ہو تو شناختی کارڈ کے حامل بہن یا بھائی کے ہمراہ نادرا دفتر تشریف لائیں۔
نادرا کے مطابق شناختی کارڈ پر درخواست گزار کی فراہم کردہ معلومات کے مطابق والدین کی تفصیلات، تاریخ پیدائش اور جائے پیدائش درج کی جائے گی، جس میں بعد ازاں تاحیات تبدیلی نہیں کی جا سکے گی۔
