خیبر پختونخوا کے ضلع خیبر، باڑہ کے علاقے برقمبر خیل میں ڈی ایس پی باڑہ اکبر خان کی سربراہی میں کھلی کچہری کا انعقاد کیا گیا، جس میں قبائلی مشران نے علاقے میں امن و امان، منشیات فروشی، راہزنی اور دیگر سماجی مسائل پر اپنے تحفظات اور تجاویز پیش کیں۔
ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر خیبر وقار احمد کی ہدایات پر عوامی مسائل کے حل، امن و امان کی بہتری اور پولیس و عوام کے درمیان رابطے مضبوط بنانے کے لیے کھلی کچہریوں کا سلسلہ جاری ہے۔ اسی سلسلے میں برقمبر خیل میں منعقدہ کچہری میں ایس ایچ او باڑہ لعل کلام سمیت بڑی تعداد میں قبائلی مشران شریک ہوئے۔
کچہری کے دوران آئس اور دیگر منشیات کی فروخت کے خاتمے، راہزنی کی روک تھام، عوامی شکایات پر بروقت مقدمات درج کرنے اور علاقے میں امن و امان کی صورتحال پر تفصیلی گفتگو کی گئی۔ مشران نے آئس فروشوں کے خلاف مؤثر کارروائی، شادی بیاہ اور دیگر تقریبات میں ہوائی فائرنگ کی روک تھام اور سیاحتی مقامات پر بعض افراد کی غیر اخلاقی حرکات کے سدباب سمیت مختلف مسائل کی نشاندہی کی۔
.jpg)
قبائلی مشران نے سماجی برائیوں کے خاتمے، معاشرتی اقدار کے تحفظ اور علاقے میں امن برقرار رکھنے کے لیے پولیس کے ساتھ تعاون جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا۔
پولیس افسران نے مشران کو یقین دہانی کرائی کہ نشاندہی کیے گئے مسائل کے حل اور جرائم میں ملوث عناصر کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ عوام کے جان و مال کا تحفظ اور علاقے میں امن قائم رکھنا پولیس کی اولین ترجیحات ہیں، جبکہ پائیدار امن کے لیے پولیس اور عوام کا مشترکہ تعاون ضروری ہے۔
