کچھ لوگ اپنی ہمدردی، احساس، ذمہ داری اور دوسروں کے لیے آسانیاں پیدا کرنے کے جذبے سے معاشرے میں الگ پہچان بناتے ہیں۔ ایسے افراد صرف مسائل پر بات نہیں کرتے بلکہ ان کے حل کے لیے عملی طور پر آگے بڑھتے ہیں، ضرورت مندوں کا سہارا بنتے ہیں اور لوگوں کا اعتماد حاصل کرتے ہیں۔ خیبرپختونخوا کے ضلع سوات کے علاقے سیدو شریف سے تعلق رکھنے والی اقبال جہاں بھی ایسی ہی شخصیت ہیں، جنہوں نے سماجی اور سیاسی سرگرمیوں کے ذریعے لوگوں کی خدمت کو اپنے سفر کا بنیادی مقصد بنایا۔

 

اقبال جہاں کہتی ہیں کہ سیاست میں آنے کا مقصد غریب لوگوں اور خصوصاً خواتین کی خدمت کرنا تھا۔ ان کے خیال میں معاشرے میں باتیں کرنے والے بہت ہیں، لیکن عملی طور پر لوگوں کے مسائل حل کرنے کے لیے کام کرنے والے کم ہیں، اسی لیے انہوں نے خود میدان میں اتر کر لوگوں کی مدد کرنے کا فیصلہ کیا۔

اقبال جہاں کو سماجی اور ترقیاتی شعبے میں 17 سال کا تجربہ حاصل ہے۔ اس دوران انہوں نے 10 مختلف تنظیموں میں بطور سپروائزر، سماجی کارکن اور کوآرڈینیٹر خدمات انجام دیں۔ 

 

وہ ماسٹر ٹرینر بھی ہیں اور قدرتی آفات سے متعلق آگاہی، حفاظتی اقدامات، ابتدائی طبی امداد سمیت مختلف موضوعات پر تربیت فراہم کرتی ہیں۔ اس کے علاوہ وہ 2004 سے 2020 تک کونسلر بھی رہ چکی ہیں۔

بطور کونسلر اقبال جہاں نے مستحق خاندانوں کی مدد کے لیے مختلف اقدامات کیے۔ ان کے مطابق انہوں نے ایسے غریب افراد کی فہرستیں تیار کیں جنہیں ادویات کی ضرورت تھی اور متعلقہ سرکاری حکام کو درخواستیں دے کر ان کے لیے ماہانہ ادویات کی فراہمی کا انتظام کروایا۔ اسی طرح مالی مشکلات کے باعث بیٹیوں کی شادی کے لیے جہیز کا انتظام نہ کر سکنے والے خاندانوں کی بھی مدد کی اور مستحق افراد کو جہیز فراہم کروانے کے لیے کوششیں کیں۔

 

ان کی سماجی خدمات میں گھریلو تنازعات حل کرنے کی کوششیں بھی شامل ہیں۔ اقبال جہاں بتاتی ہیں کہ جب میاں بیوی کے درمیان اختلافات پیدا ہوتے تو وہ ان کے گھروں میں جا کر بات چیت کے ذریعے صلح کروانے کی کوشش کرتی تھیں۔ اس کے علاوہ ایسے ضرورت مند افراد جن کے پاس وکیل کرنے کے وسائل نہیں تھے، ان کے لیے مفت قانونی معاونت کا انتظام بھی کرتی تھیں۔

 

عوامی مسائل کے حل کے لیے ان کی کوششوں میں پانی کی قلت اور بنیادی سہولتوں سے متعلق مسائل بھی شامل ہیں۔ اقبال جہاں کے مطابق سوات کے جن علاقوں میں پانی کی کمی تھی، وہاں پانی کی فراہمی کے لیے اقدامات کروائے۔ اسی طرح خراب یا ٹوٹ پھوٹ کا شکار پانی کی ٹینکیوں کی مرمت اور بحالی کے لیے نہ صرف کوششیں کیں بلکہ حل بھی کروائی  تاکہ مقامی لوگوں کو درپیش مشکلات کم ہو سکیں۔

 

اقبال جہاں کا کہنا ہے کہ اس سماجی اور سیاسی سفر میں انہیں اپنے خاندان کی بھرپور حمایت حاصل رہی۔ والدین، بہن بھائیوں نے ہمیشہ ان کا ساتھ دیا، جبکہ کمیونٹی کے لوگوں کی دعائیں اور اعتماد ان کے لیے حوصلے کا باعث رہے۔ ان کے مطابق اس سفر میں انہیں کسی بڑی مشکل کا سامنا نہیں کرنا پڑا اور حالات کے مطابق آنے والی تبدیلیوں کو بھی انہوں نے خود سنبھالا۔

میڈیا کوریج کے حوالے سے اقبال جہاں کہتی ہیں کہ ان کی سیاسی اور سماجی خدمات کو میڈیا میں زیادہ نمایاں نہیں کیا گیا، تاہم ان کی خواہش کبھی یہ نہیں رہی کہ میڈیا ان کی خدمات کو خصوصی طور پر اجاگر کرے۔ وہ بتاتی ہیں کہ آج بھی علاقے کے بہت سے لوگ انہیں نام سے جانتے ہیں، خصوصاً خواتین اپنے مسائل کے حل کے لیے ان سے رابطہ کرتی ہیں اور مدد مانگتی ہیں۔

 

اقبال جہاں کے مطابق ان کی اصل پہچان میڈیا کی شہرت نہیں بلکہ لوگوں کا اعتماد، ان کی دعائیں اور ضرورت کے وقت ان کے کام آنا ہے۔ وہ آج بھی کمیونٹی کی بہتری اور خواتین سمیت ضرورت مند افراد کے مسائل حل کرنے کے لیے کوشاں ہیں۔

اپنے آئندہ سیاسی ارادوں کے حوالے سے اقبال جہاں پُرعزم ہیں کہ وہ اس مرتبہ دوبارہ انتخابات میں حصہ لیں گی۔ ان کے نزدیک سیاست کا مقصد صرف عہدہ حاصل کرنا نہیں بلکہ عوام کے مسائل حل کرنا اور ان کی خدمت جاری رکھنا ہے۔ وہ چاہتی ہیں کہ لوگوں کے ساتھ قائم اعتماد کا یہ رشتہ برقرار رہے اور وہ اپنی کوششوں کے ذریعے معاشرے میں مزید آسانیاں پیدا کرنے کا سلسلہ جاری رکھیں۔ ان کے لیے لوگوں کی دعائیں، اعتماد اور ضرورت مندوں کے لیے کچھ کر پانا ہی ان کے سفر کی سب سے بڑی کامیابی ہے۔