خیبرپختونخوا کے ضلع نوشہرہ کے علاقے چراٹ، شاہ کوٹ پایان میں شادی کی تقریب کے دوران دو گروپوں کے درمیان فائرنگ کے نتیجے میں باپ اور بیٹا سمیت تین افراد جاں بحق جبکہ دو راہگیر زخمی ہوگئے۔
ڈی ایس پی پبی سرکل نگاہ حسین کے مطابق جاں بحق افراد میں شاہد خان ولد خوشحال خان، عمر 45 سال، اور ان کا 23 سالہ بیٹا سنگین خان ولد شاہد خان، دونوں ساکنان شاہ کوٹ پایان، شامل ہیں، جبکہ جوابی فائرنگ میں حملہ آور حضرت حسین ولد عامر، عمر 22 سال، ساکن شاہ کوٹ پایان، بھی جاں بحق ہوگیا۔
فائرنگ کے دوران دو راہگیر شیروز ولد قادر شاہ اور ماجد نواز ولد نور نواز، دونوں ساکنان شاہ کوٹ پایان، زخمی ہوئے۔
ایس ایچ او تھانہ جلوزئی انسپکٹر حنیف خان کے مطابق دونوں گروپوں کے درمیان کچھ عرصہ قبل راضی نامہ بھی ہوا تھا۔ واقعے کے بعد ملزمان فرار ہوگئے، تاہم پولیس نے ایک مشتبہ ملزم کو اسلحے سمیت گرفتار کرلیا۔
واقعے کے بعد پولیس اور ریسکیو 1122 کے جائے وقوعہ پر تاخیر سے پہنچنے پر مقامی افراد مشتعل ہوگئے۔ زخمیوں اور جاں بحق افراد کو مقامی لوگوں نے اپنی مدد آپ کے تحت سول ہسپتال پبی منتقل کیا۔
ریسکیو 1122 کے مطابق علاقے کے دور دراز ہونے کی وجہ سے ایمبولینس کو پہنچنے میں تاخیر ہوئی، جبکہ زخمی 23 سالہ ماجد نواز کو ہسپتال منتقل کیا گیا۔
