خیبرپختونخوا کے ضلع باجوڑ کی تحصیل خار کے علاقے غلیزو ڈاگ میں تبلیغی مرکز کے قریب ایک مکان کی چھت گرنے سے دو افراد جاں بحق جبکہ پانچ زخمی ہوگئے۔

 

ڈپٹی کمشنر باجوڑ عدنان فرید آفریدی نے ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر خانزیب مہمند اور ایس پی انویسٹی گیشن کے ہمراہ جائے وقوعہ کا دورہ کیا اور امدادی کارروائیوں کا جائزہ لیا۔ ریسکیو 1122، انتظامیہ، پولیس اور مقامی افراد پر مشتمل ٹیموں نے فوری کارروائی کرتے ہوئے ملبے تلے دبے تمام افراد کو نکال لیا۔

 

زخمیوں کو ابتدائی طبی امداد فراہم کرنے کے بعد ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال خار منتقل کیا گیا۔

 

بعد ازاں ڈپٹی کمشنر اور ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر نے ہسپتال کا دورہ کیا اور زخمیوں کی عیادت کی۔ اس موقع پر محکمہ صحت کے افسران کو زخمیوں کے بہتر علاج اور تمام ضروری طبی سہولیات کی فراہمی یقینی بنانے کی ہدایت کی گئی۔

ڈپٹی کمشنر نے واقعے پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے جاں بحق افراد کے لواحقین سے تعزیت کی اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کے لیے دعا کی۔