بنگلہ دیش کے دارالحکومت ڈھاکا میں ایشیا کپ بلائنڈ ٹی 20 کرکٹ ٹورنامنٹ کا فائنل مسلسل بارش کے باعث نہ ہوسکا، تاہم ٹورنامنٹ کے قواعد کے تحت پاکستان کو چیمپئن قرار دے دیا گیا۔

 

پاکستان اور بھارت کے درمیان شیڈول فائنل بارش کی وجہ سے منسوخ ہونے کے بعد میچ ریفری نے لیگ مرحلے میں بہتر پوزیشن کی بنیاد پر پاکستان کے حق میں فیصلہ دیا۔

 

ٹورنامنٹ کے ضوابط 7 نومبر کو تمام شریک ممالک کو فراہم کیے گئے تھے، جن کے مطابق فائنل مکمل نہ ہونے کی صورت میں پوائنٹس ٹیبل، نیٹ رن ریٹ اور ہیڈ ٹو ہیڈ ریکارڈ میں برتری کی بنیاد پر فاتح کا فیصلہ ہونا تھا۔

 

پاکستان نے لیگ مرحلے میں سری لنکا، بنگلہ دیش اور بھارت کو شکست دے کر تینوں میچ جیتے اور پہلی پوزیشن حاصل کی۔ قومی ٹیم نے بھارت کو بھی ایک وکٹ سے شکست دی تھی۔

 

پاکستان کو فاتح قرار دیے جانے کے بعد بھارتی ٹیم نے اختتامی تقریب میں شرکت نہیں کی اور اسٹیڈیم سے روانہ ہوگئی۔

 

اختتامی تقریب میں مہمانِ خصوصی ڈائریکٹر بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ عبداللہ الفواد نے کھلاڑیوں میں انعامات تقسیم کیے۔