تعلیم کسی بھی معاشرے کی ترقی، شعور اور خوش حالی کی بنیاد ہے۔ والدین بچوں کے بہتر مستقبل کے لیے انہیں تعلیمی اداروں میں بھیجتے ہیں، ان کی تعلیم پر وقت اور وسائل خرچ کرتے ہیں اور امید رکھتے ہیں کہ وہ ذمہ دار شہری بنیں گے۔ لیکن سوال یہ ہے کہ کیا ہم واقعی تعلیم یافتہ ہیں یا صرف ڈگری یافتہ؟ کیا تعلیم کا مقصد محض ڈگری، ملازمت اور معاشی استحکام ہے یا انسان کو اخلاق، احترام، برداشت اور احساسِ انسانیت بھی  ہے؟

روزمرہ زندگی میں بعض ایسے رویے سامنے آتے ہیں جو تعلیم اور تربیت کے درمیان فاصلے کو نمایاں کرتے ہیں۔ پشاور کے بی آر ٹی اسٹاپس پر مسافروں کی قطاریں بھی اس کی ایک مثال ہیں، جہاں سیکیورٹی اہلکار نظم و ضبط برقرار رکھنے کے لیے مسافروں کو قطار بنانے کی ہدایت کرتے ہیں۔ اس دوران بزرگ خواتین بھی اپنی باری کا انتظار کرتی ہیں، تاہم بعض مواقع پر نوجوان طالبات قطار کی پابندی کیے بغیر آگے نکل جاتی ہیں۔

 

ایک ایسے ہی موقع پر جب ایک خاتون نے چند طالبات کو اپنی باری کا انتظار کرنے کا کہا تو انہیں جواب ملا: ’’آپ کو کیا تکلیف ہے؟ آپ بس کھڑی رہیں، زیادہ بولنے کی ضرورت نہیں، ہمارے سر میں درد ہے۔‘‘ یہ رویہ محض قطار کی خلاف ورزی نہیں بلکہ دوسروں کے احترام اور برداشت سے متعلق ایک سوال بھی ہے۔ کیا نظم و ضبط کی تلقین کرنا کسی کی ذاتی زندگی میں مداخلت ہے؟ اور کیا تعلیم ہمیں دوسروں کے ساتھ شائستگی سے پیش آنا نہیں سکھاتی؟

گزشتہ دنوں ایک بزرگ خاتون بڑی مشکل سے بی آر ٹی بس میں سوار ہوئیں۔ ان کے ہاتھ پاؤں کانپ رہے تھے اور انہیں سہارے کی ضرورت تھی، مگر کسی مسافر نے انہیں نشست پیش نہیں کی۔ اگرچہ عوامی ٹرانسپورٹ میں ہر مسافر کو نشست حاصل کرنے کا حق ہے، لیکن بزرگ، بیمار اور جسمانی طور پر کمزور افراد کی مدد کرنا انسانی ہمدردی اور معاشرتی اخلاقیات کا تقاضا ہے۔

سوال یہ ہے کہ کیا ہم بچوں کو صرف بڑی بڑی ڈگریاں دلانے پر توجہ دے رہے ہیں یا انہیں دوسروں کی ضرورت سمجھنے، احترام کرنے اور مدد کرنے کی تربیت بھی دے رہے ہیں؟

 

یہ مسئلہ گھروں اور تعلیمی اداروں کے کردار کو بھی سامنے لاتا ہے۔ میری خاتون دوست کے مطابق، ایک طالبہ کی ناقص تعلیمی کارکردگی اور نامناسب رویے پر اس کی والدہ کو پیرنٹ ٹیچر میٹنگ میں بلایا گیا۔ والدہ نے بیٹی سے وضاحت طلب کی تو اس نے انہیں ٹوکتے ہوئے کہا: ’’چپ ہو جائیں، ان کے سامنے کچھ مت بولیں۔ آپ ہی تو مجھے موبائل دیتی ہیں۔‘‘ جب ٹیچر نے بچوں کو موبائل کے غیر ضروری استعمال سے دور رکھنے کی بات کی تو والدہ نے انکار کیا، تاہم بچی نے جواب دیا کہ گھر میں موبائل بھی ہے اور وائی فائی بھی نصب ہے۔

یہ واقعہ واضح کرتا ہے کہ بچوں کی تربیت صرف اسکول کی ذمہ داری نہیں بلکہ گھر کا ماحول، والدین کا رویہ، روزمرہ گفتگو اور ٹیکنالوجی کا استعمال بھی ان کی شخصیت کی تشکیل میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔ والدین بچوں کی تعلیمی کامیابیوں پر فخر کرتے ہیں، لیکن ان کے لہجے، رویے، اساتذہ کے احترام اور دوسروں کے ساتھ برتاؤ پر بھی توجہ دینا ضروری ہے، کیونکہ بچے نصیحتوں کے ساتھ بڑوں کے طرزِ عمل سے بھی سیکھتے ہیں۔

 

یہ بھی ضروری ہے کہ تمام نوجوانوں کو ایک ہی پیمانے پر نہ پرکھا جائے۔ ہمارے معاشرے میں ایسے بے شمار طلبہ و طالبات بھی موجود ہیں جو اپنے اخلاق، احترام اور مثبت کردار سے دوسروں کے لیے مثال بنتے ہیں۔ تاہم ان رویوں کی نشاندہی ضروری ہے جو معاشرتی نظم، برداشت اور باہمی احترام کو متاثر کرتے ہیں۔

 

ڈگری انسان کو کسی شعبے کا ماہر بنا سکتی ہے، لیکن اچھا انسان بننے کے لیے تربیت، احساس اور اخلاق بھی ضروری ہیں۔ تعلیم کا اصل حسن صرف کتابوں، نمبروں اور اسناد میں نہیں بلکہ انسان کے کردار اور دوسروں کے ساتھ اس کے برتاؤ میں نظر آنا چاہیے۔

گھروں اور تعلیمی اداروں میں بچوں کو اپنی باری کا انتظار کرنے، بزرگوں کا احترام کرنے، اساتذہ کی عزت کرنے، والدین سے شائستگی سے بات کرنے اور دوسروں کے حقوق کا خیال رکھنے کی تربیت دینا بھی تعلیم کا لازمی حصہ ہے۔

 

آخر میں سوال یہی ہے کہ کیا ہم اپنی آنے والی نسل کو صرف ڈگریاں دے رہے ہیں یا انہیں انسان بننا بھی سکھا رہے ہیں؟ معاشرے کو صرف ڈگری یافتہ افراد نہیں بلکہ باکردار، ذمہ دار اور احساسِ انسانیت رکھنے والے انسانوں کی بھی ضرورت ہے۔