وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) کے انسدادِ انسانی اسمگلنگ سیل پشاور نے ایران میں اغوا ہونے والے پاکستانی شہری حسن اللہ کو ایک ماہ کے اندر بازیاب کرا لیا، جو بحفاظت اپنے گھر پہنچ گیا ہے۔

 

ایف آئی اے کے ایڈیشنل ڈائریکٹر سید رضوان شاہ کے مطابق حسن اللہ غیر قانونی راستوں سے ایران گیا تھا، جہاں اسے اغوا کرکے قید رکھا گیا اور جسمانی تشدد کا نشانہ بنایا گیا۔

 

حسن اللہ کے چچا چراغ الدین کی شکایت پر ایف آئی اے نے انکوائری شروع کی، جس کے بعد انسدادِ انسانی اسمگلنگ سیل پشاور کی مسلسل کوششوں اور مؤثر پیروی سے اس کی بازیابی ممکن ہوئی۔

 

ایف آئی اے حکام کی ہدایت اور نگرانی میں انسپکٹر شاہِ روم نے بازیابی کے عمل میں اہم کردار ادا کیا۔

 

ایڈیشنل ڈائریکٹر سید رضوان شاہ کے مطابق انسانی اسمگلنگ کے خلاف ایف آئی اے کی کارروائیاں جاری ہیں اور ایران سے حسن اللہ کی بحفاظت واپسی اسی سلسلے کی ایک کامیابی ہے۔