پشاور: خیبرپختونخوا میں تقریباً 49 لاکھ بچوں کے اسکولوں سے باہر ہونے کے معاملے پر پشاور ہائیکورٹ میں آئینی درخواست دائر کردی گئی ہے، جس میں وفاقی و صوبائی حکومتوں اور متعلقہ تعلیمی محکموں سے بچوں کو مفت اور لازمی تعلیم کی فراہمی یقینی بنانے کا مطالبہ کیا گیا ہے۔

 

اسلامی جمعیت طلبہ کے صوبائی صدر محمد اسفند یار شیخ کی جانب سے دائر درخواست میں مردم شماری 2023 کے اعدادوشمار کا حوالہ دیتے ہوئے کہا گیا ہے کہ صوبے میں 37.49 فیصد بچے اسکولوں سے باہر ہیں، جن میں 29 لاکھ 24 ہزار سے زائد لڑکیاں اور 19 لاکھ 99 ہزار لڑکے شامل ہیں۔

 

درخواست کے مطابق خیبرپختونخوا میں 42 لاکھ 59 ہزار سے زائد بچوں نے کبھی اسکول میں داخلہ نہیں لیا، جبکہ 6 لاکھ 64 ہزار 831 بچے داخلہ لینے کے بعد تعلیم ادھوری چھوڑ چکے ہیں۔ کوہستان، تورغر اور سابق قبائلی اضلاع میں اسکولوں سے باہر بچوں کی شرح بھی زیادہ ہے۔

 

درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ آئین کے آرٹیکل 25 اے کے تحت 5 سے 16 سال تک کے بچوں کو مفت اور لازمی تعلیم فراہم کرنا ریاست کی ذمہ داری ہے، تاہم صوبے میں اس حق پر مؤثر عملدرآمد نہیں ہو رہا۔

 

عدالت سے استدعا کی گئی ہے کہ بچوں کے اسکولوں میں داخلے اور تعلیم سے محروم بچوں کی بحالی کے لیے مقررہ مدت پر مشتمل صوبائی ایکشن پلان نافذ کیا جائے، غیر فعال اسکولوں کو بحال کیا جائے، اساتذہ کی بھرتیاں اور تعلیمی اداروں میں بنیادی سہولیات کی فراہمی یقینی بنائی جائے۔

 

درخواست میں تعلیمی بجٹ کے شفاف استعمال اور متعلقہ حکام سے عملدرآمد کی رپورٹس عدالت میں پیش کرنے کی بھی استدعا کی گئی ہے۔