چیف آف آرمی اسٹاف اور چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے شمالی وزیرستان کے علاقے میران شاہ کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے پاک فوج کے شہدا کی یادگار پر پھولوں کی چادر چڑھائی اور انہیں خراجِ عقیدت پیش کیا۔
پاک فوج کے مطابق دورے کے دوران فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کو سیکیورٹی کی موجودہ صورتحال، انٹیلی جنس کی بنیاد پر جاری کارروائیوں اور انسدادِ دہشت گردی کی کوششوں میں حاصل ہونے والی کامیابیوں پر بریفنگ دی گئی۔ انہیں علاقے میں دیرپا امن و استحکام کے لیے کیے جانے والے اقدامات سے بھی آگاہ کیا گیا۔
آرمی چیف نے افسران اور جوانوں سے ملاقات کی اور ملکی دفاع و سلامتی کے لیے ان کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں، تیاری اور عزم کو سراہا۔

اس موقع پر انہوں نے خیبرپختونخوا پولیس کو بہادر صفِ اول کی فورس قرار دیتے ہوئے دہشت گردی اور فتنۃ الخوارج کے خلاف اس کی قربانیوں اور ثابت قدمی کو خراجِ تحسین پیش کیا۔

فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ قریبی رابطے کے ذریعے دہشت گردی کے خاتمے اور خیبرپختونخوا میں امن و استحکام برقرار رکھنے کے عزم کا اعادہ بھی کیا۔

میران شاہ آمد پر کور کمانڈر پشاور نے آرمی چیف اور چیف آف ڈیفنس فورسز کا استقبال کیا۔
