پشاور میں اسٹریٹ کرائمز اور مسلح وارداتوں میں ملوث ملزمان کے خلاف پولیس نے ’آپریشن اسٹریٹ فائٹ‘ شروع کر دیا، جس کے دوران دو مبینہ خطرناک سنیچرز ہلاک جبکہ ایک زخمی حالت میں گرفتار کر لیا گیا۔

 

کیپٹل سٹی پولیس کے مطابق سی سی پی او ڈاکٹر میاں سعید احمد کی خصوصی ہدایات پر تھانہ پھندو، فقیر آباد اور پہاڑی پورہ کی حدود میں سنگین مقدمات میں مطلوب ملزمان کے ساتھ پولیس مقابلے ہوئے۔

 

پولیس کے مطابق ہلاک ہونے والوں میں ناصر عرف گڑہ ولد مشتاق، سکنہ پھندو، اور زاہد ولد شیر خان، سکنہ چارسدہ حال مقیم لعل دین کالونی شامل ہیں، جبکہ عبد الرحمن ولد تاج محمد، سکنہ یوسف آباد، کو زخمی حالت میں گرفتار کیا گیا۔

 

پولیس کا کہنا ہے کہ ہلاک ملزمان خونی راہزنی، ڈکیتی، قتل، اقدام قتل، پولیس پر حملوں، آئس فروشی اور سرکاری ملازم کو لوٹنے کے دوران مزاحمت پر فائرنگ سمیت دیگر سنگین مقدمات میں مطلوب تھے۔

 

فقیر آباد میں مقابلے کے دوران پولیس اہلکار کی بلٹ پروف جیکٹ اور سرکاری پولیس موبائل پک اَپ پر گولیاں لگیں، تاہم اہلکار محفوظ رہے۔ پولیس کے مطابق فائرنگ کے تبادلے کے دوران دیگر ملزمان رات کی تاریکی کا فائدہ اٹھا کر فرار ہوگئے، جن کی گرفتاری کے لیے کوششیں جاری ہیں۔

 

پولیس نے آپریشن کے دوران اسلحہ اور مسروقہ موبائل فونز  بھی برآمد کر لی ہے۔ کیپٹل سٹی پولیس کے مطابق اسٹریٹ کرائمز کے خاتمے اور شہریوں کے جان و مال کے تحفظ کے لیے کارروائیاں جاری رہیں گی۔