راولپنڈی میں پاکستان اور سری لنکا کے درمیان جاری دوسرے ٹیسٹ میچ میں مہمان ٹیم نے تیسرے روز اننگز کی شکست کا خطرہ ٹال دیا اور کھیل کے اختتام تک 9 وکٹوں کے نقصان پر 309 رنز بنا کر 82 رنز کی برتری حاصل کرلی۔

 

سری لنکا نے تیسرے روز اپنی دوسری اننگز کا آغاز 3 وکٹوں کے نقصان پر 74 رنز سے کیا۔ 99 رنز کے مجموعی اسکور پر دھننجیا ڈی سلوا 37 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، جبکہ پاسندو سوریا بندارا 38 رنز کی اننگز کھیل کر 134 کے مجموعی اسکور پر پویلین لوٹ گئے۔

 

سونل دینوشا اور کپتان کوشل مینڈس نے اس کے بعد ذمہ دارانہ بیٹنگ کرتے ہوئے 81 رنز کی شراکت قائم کی۔ کوشل مینڈس 53 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، جبکہ سونل دینوشا نے 54 رنز بنائے۔ بعدازاں پرباتھ جے سوریا ایک اور لاہیرو کمارا 5 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔

 

کھیل کے اختتام پر ملن رتھنائیکے 60 اور اسیتھا فرنانڈو 2 رنز کے ساتھ کریز پر موجود تھے۔ پاکستان کی جانب سے عامر جمال نے 3 وکٹیں حاصل کیں، رضا اللہ اور محمد عباس نے 2، 2 جبکہ ثاقب خان اور سلمان علی آغا نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔

 

میچ کے مزید دو روز باقی ہیں اور سری لنکا کو پاکستان کے خلاف 82 رنز کی برتری حاصل ہے۔