ایبٹ آباد: نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی (این سی سی آئی اے) نے ایک خاتون کو مبینہ طور پر سائبر ہراسانی، بلیک میلنگ اور سنگین نتائج کی دھمکیاں دینے کے الزام میں کارروائی کرتے ہوئے ملزم کو گرفتار کرلیا۔
ایجنسی کے مطابق ملزم نے مبینہ طور پر خاتون کی لاعلمی میں ان کی نجی تصاویر اور ویڈیوز ریکارڈ کیں، جنہیں بعد میں ان کی بدنامی کی دھمکی دینے کے لیے استعمال کیا۔ ملزم پر الزام ہے کہ اس نے خاتون کو بلیک میل کرکے مزید نجی مواد فراہم کرنے کا مطالبہ بھی کیا۔
این سی سی آئی اے کے مطابق ملزم نے خاتون کے ساتھ ان کے اہلِ خانہ کو بھی سنگین نتائج کی دھمکیاں دیں۔ واقعے کے بعد ایجنسی نے کارروائی کرتے ہوئے ملزم کو گرفتار کرلیا۔
