بینظیر انکم سپورٹ پروگرام (بی آئی ایس پی) کے تحت مالی امداد حاصل کرنے والی خواتین اگر مقررہ رقم سے کم ادائیگی ملنے یا کسی ایجنٹ کی جانب سے غیرقانونی کٹوتی کا سامنا کریں تو وہ خاموش رہنے کے بجائے متعلقہ حکام کو شکایت درج کرا سکتی ہیں۔

 

شکایت کے لیے متاثرہ خاتون اپنے قریبی بی آئی ایس پی تحصیل دفتر جا سکتی ہیں یا پروگرام کی ٹول فری ہیلپ لائن 0800-26477 پر رابطہ کر سکتی ہیں۔

 

تحصیل دفتر میں متعلقہ عملے کو ادائیگی میں کٹوتی کی مکمل تفصیلات سے آگاہ کریں اور اپنی شکایت کا اندراج کروائیں۔ اس دوران اپنا اصل قومی شناختی کارڈ، فعال موبائل نمبر اور دستیاب ادائیگی کی رسید یا پیغام بھی ساتھ رکھیں تاکہ شکایت کی جانچ میں آسانی ہو۔

 

شکایت درج کرواتے وقت اپنا نام، شناختی کارڈ نمبر، رابطہ نمبر، ادائیگی وصول کرنے کی جگہ، ملنے والی رقم اور کٹوتی کی تفصیلات درست طور پر فراہم کریں۔ شکایت درج ہونے کے بعد متعلقہ حکام معاملے کی جانچ پڑتال کریں گے اور شکایت درست ثابت ہونے پر ذمہ دار افراد کے خلاف ضابطے کے مطابق کارروائی کی جا سکتی ہے۔

 

اگر کٹوتی کا تعلق کسی بینک یا اس کے ادائیگی نظام سے ہو تو متاثرہ خاتون متعلقہ بینک کے شکایات سیل سے بھی رابطہ کر سکتی ہیں۔ اس کے علاوہ بینک سے متعلق شکایت کے حل میں پیش رفت نہ ہونے پر اسٹیٹ بینک کے سنوائی نظام سے رجوع کیا جا سکتا ہے۔

 

بی آئی ایس پی حکام نے مستحق خواتین کو ہدایت کی ہے کہ وہ اپنی پوری رقم وصول کریں، ادائیگی گن کر لیں اور رسید ضرور حاصل کریں۔ پروگرام کے تحت وظیفے سے غیرقانونی کٹوتی کی اجازت نہیں ہے۔

 

کسی بھی شکایت یا رہنمائی کے لیے بی آئی ایس پی کی ٹول فری ہیلپ لائن 0800-26477 پر رابطہ کیا جا سکتا ہے۔ یاد رہے کہ پروگرام کا سرکاری پیغام رسانی نمبر صرف 8171 ہے اور کسی دوسرے نمبر سے موصول ہونے والے مشکوک پیغامات پر اعتماد نہ کریں۔