سوشل میڈیا اور میسجنگ ایپس پر اسٹیٹس کے ذریعے روزمرہ کے لمحات دوسروں تک پہنچانا عام ہو چکا ہے۔ واٹس ایپ بھی اپنے اسٹیٹس فیچر کو مزید بہتر بنانے کے لیے ایک نئی سہولت پر کام کر رہا ہے، جس کے ذریعے صارفین تصاویر یا ویڈیوز کے بغیر براہِ راست اپنی لوکیشن شیئر کر سکیں گے۔
ٹیکنالوجی ویب سائٹ(WABetaInfo) کی رپورٹ کے مطابق واٹس ایپ اس فیچر کی آزمائش اینڈرائیڈ کے بیٹا ورژن میں کر رہا ہے۔ اس سہولت کے تحت صارفین اسٹیٹس اپ ڈیٹ کرتے وقت لوکیشن کا آپشن منتخب کرکے اپنا موجودہ مقام دوسروں کے ساتھ شیئر کر سکیں گے۔
فی الحال واٹس ایپ اسٹیٹس پر لوکیشن دکھانے کے لیے کسی تصویر یا ویڈیو پر لوکیشن اسٹیکر لگانا پڑتا ہے، لیکن نئے فیچر میں اس اضافی مرحلے کی ضرورت نہیں ہوگی۔
رپورٹ کے مطابق صارفین ایپ کو لوکیشن تک رسائی دینے کے بعد اپنا موجودہ مقام اسٹیٹس پر پوسٹ کر سکیں گے۔ اس کے علاوہ وہ اپنی موجودہ جگہ کے بجائے نقشے سے کسی دوسرے مقام کا انتخاب کرکے بھی اسے شیئر کر سکیں گے۔

اس فیچر میں لوکیشن روایتی اسٹیکر کے بجائے نقشے کی صورت میں ایک کارڈ پر دکھائی دے گی، جس پر سبز رنگ کا پن موجود ہوگا۔ اس طرح اسٹیٹس دیکھنے والے افراد شیئر کی گئی جگہ کی تفصیلات بھی دیکھ سکیں گے۔
جو صارفین اپنا بالکل درست مقام ظاہر نہیں کرنا چاہتے، وہ موبائل کی لوکیشن سیٹنگز میں اندازاً مقام کی اجازت دے سکتے ہیں، جس سے ان کی درست جگہ کے بجائے عمومی مقام شیئر ہوگا۔
تاہم یہ سہولت ابھی آزمائشی مرحلے میں ہے اور فی الحال اینڈرائیڈ بیٹا صارفین کے لیے اس کی جانچ جاری ہے۔ واٹس ایپ نے اسے تمام صارفین کے لیے متعارف کرانے کی حتمی تاریخ کا اعلان نہیں کیا۔
