ایک وقت تھا جب ڈاکوؤں کا نام سنتے ہی ذہن میں پستول، بندوق اور زبردستی لوٹ مار کا تصور آتا تھا، لیکن اب جرائم کے طریقے بدل گئے ہیں۔ کچھ لوگ اسلحے کے بجائے میٹھی باتوں، جھوٹے وعدوں اور فون کالز کے ذریعے لوگوں کی جمع پونجی ہتھیانے کی کوشش کرتے ہیں۔ کبھی ایزی پیسہ اکاؤنٹ میں غلطی سے رقم آنے کا بہانہ بنایا جاتا ہے تو کبھی گھر بیٹھے روزگار اور زیادہ منافع کا لالچ دیا جاتا ہے۔
آج کل آن لائن فراڈ کی کئی شکلیں سامنے آ رہی ہیں۔ نامعلوم نمبروں سے کال کرکے کہا جاتا ہے کہ غلطی سے آپ کے ایزی پیسہ اکاؤنٹ میں رقم منتقل ہوگئی ہے، لہٰذا اسے واپس بھیج دیں۔ بعض لوگ آن لائن گیمز میں رقم لگاکر چند لمحوں میں زیادہ پیسے جیتنے کا لالچ دیتے ہیں، جبکہ کچھ گھر بیٹھے کام اور سرمایہ کاری کے نام پر لوگوں سے رقم وصول کرتے ہیں۔

آن لائن اسائنمنٹ ورک بھی فراڈ کا ایک طریقہ بن چکا ہے۔ مختلف گروپس اور پلیٹ فارمز پر لوگوں کو گھر بیٹھے اسائنمنٹ لکھ کر پیسے کمانے کی پیشکش کی جاتی ہے۔ ابتدا میں رجسٹریشن فیس مانگی جاتی ہے اور یقین دلایا جاتا ہے کہ فیس جمع کرانے کے بعد کام ملے گا اور اس کا معاوضہ ادا کیا جائے گا۔ بعض افراد فیس دینے کے بعد اسائنمنٹ مکمل کرکے بھیج دیتے ہیں، لیکن پھر انہیں مزید ممبرز شامل کرنے کی شرط بتائی جاتی ہے۔ بعض اوقات فیس وصول کرنے کے بعد متعلقہ افراد رابطہ ہی ختم کر دیتے ہیں۔ یوں کام کرنے والے نہ صرف اپنی رقم گنواتے ہیں بلکہ ان کی محنت کا معاوضہ بھی نہیں ملتا۔
میرے ساتھ بھی ایزی پیسہ اکاؤنٹ کے حوالے سے ایسا ہی ایک مشکوک واقعہ پیش آیا۔ میرے اکاؤنٹ میں پہلے سے سات ہزار روپے موجود تھے کہ ایک نامعلوم نمبر سے کال آئی۔ دوسری طرف موجود شخص نے دعویٰ کیا کہ اس کے سات ہزار روپے غلطی سے میرے اکاؤنٹ میں منتقل ہوگئے ہیں، اس لیے میں وہ رقم واپس بھیج دوں۔

میں نے اسے کہا کہ اپنی ٹرانزیکشن ہسٹری چیک کریں، کیونکہ اگر واقعی رقم میرے اکاؤنٹ میں منتقل ہوئی ہے تو اس کا ریکارڈ ضرور موجود ہوگا۔ میرے اکاؤنٹ میں پہلے سے سات ہزار روپے تھے، لیکن اس شخص کی طرف سے کوئی نئی رقم موصول نہیں ہوئی تھی۔
اس کے باوجود وہ مسلسل مجھے ہدایات دیتا رہا۔ کبھی کسی کوڈ کا اندراج کرنے اور کبھی ایک مخصوص نمبر پر رقم بھیجنے کا کہتا۔ مجھے سمجھ نہیں آ رہی تھی کہ وہ مجھ سے کیا کروانا چاہتا ہے۔ صورت حال مشکوک محسوس ہونے پر میں نے احتیاطاً اپنے اکاؤنٹ میں موجود رقم اپنے شوہر کے اکاؤنٹ میں منتقل کر دی۔ اس کے بعد اسے دوبارہ اپنا اکاؤنٹ چیک کرنے کا کہا اور واضح کیا کہ اس کی طرف سے کوئی رقم موصول نہیں ہوئی۔ پھر میں نے کال بند کرکے اس نمبر کو بلاک کر دیا۔
اس واقعے کے بعد میرے ذہن میں کئی سوالات پیدا ہوئے۔ اس شخص کو کیسے معلوم تھا کہ میرے ایزی پیسہ اکاؤنٹ میں سات ہزار روپے موجود ہیں؟ اسے میرا موبائل نمبر کہاں سے ملا؟ جب اس نے کوئی رقم منتقل ہی نہیں کی تھی تو وہ کس رقم کی واپسی کا مطالبہ کر رہا تھا؟ ان سوالات کے جواب میرے پاس نہیں، لیکن اس تجربے نے یہ ضرور سمجھا دیا کہ ہر فون کال پر اعتبار کرنا درست نہیں۔
واٹس ایپ پر انعام نکلنے کے پیغامات، اکاؤنٹ بند ہونے کی جعلی وارننگز اور آن لائن سرمایہ کاری کے اشتہارات بھی لوگوں کو دھوکے میں ڈالنے کے لیے استعمال ہوتے ہیں۔ بعض اشتہارات میں دعویٰ کیا جاتا ہے کہ تھوڑی سی رقم لگاکر چند دنوں میں کئی گنا منافع حاصل کیا جا سکتا ہے۔ لوگ ان وعدوں پر یقین کرکے رقم منتقل کر دیتے ہیں، لیکن بعض اوقات اس کے بعد دوسری طرف سے رابطہ ہی ختم ہو جاتا ہے۔

اس مسئلے سے نمٹنے کے لیے عوامی آگاہی کے ساتھ متعلقہ اداروں کی کارروائی بھی ضروری ہے۔ پاکستان میں نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی (این سی سی آئی اے) سائبر جرائم سے متعلق شکایات اور تحقیقات کا ذمہ دار ادارہ ہے۔ اس کی جانب سے شہریوں کو نامعلوم لنکس سے محتاط رہنے، اپنا پن، پاس ورڈ اور ون ٹائم پاس ورڈ (او ٹی پی) کسی کے ساتھ شیئر نہ کرنے اور رقم منتقل کرنے سے پہلے وصول کنندہ کی تفصیلات کی تصدیق کرنے کی ہدایت کی جاتی ہے۔
مختلف اداروں اور مالیاتی خدمات کی جانب سے فون کالز، اشتہارات اور آگاہی پیغامات کے ذریعے بھی صارفین کو خبردار کیا جاتا ہے کہ اپنی خفیہ معلومات کسی کے حوالے نہ کریں۔ ان ہدایات کو رسمی اعلان سمجھ کر نظر انداز کرنے کے بجائے ان پر عمل کرنا ضروری ہے۔ آن لائن فراڈ کا شکار ہونے والے افراد این سی سی آئی اے کی ہیلپ لائن 1799 پر رابطہ یا اس کے آن لائن شکایتی پورٹل کے ذریعے شکایت درج کرا سکتے ہیں۔ اس کے علاوہ قریبی سائبر کرائم رپورٹنگ سینٹر سے بھی رجوع کیا جا سکتا ہے۔
اسٹیٹ بینک آف پاکستان نے بھی بینکوں اور مائیکروفنانس بینکوں کو ڈیجیٹل بینکاری کے تحفظ اور مالی فراڈ کی روک تھام کے لیے اقدامات کرنے کی ہدایات جاری کی ہیں۔ ان اقدامات کا مقصد صارفین کے اکاؤنٹس اور رقوم کو محفوظ بنانا اور فراڈ سے متعلق شکایات پر بروقت کارروائی کو بہتر بنانا ہے۔

تاہم اداروں کے اقدامات کے ساتھ صارفین کی اپنی احتیاط بھی ضروری ہے۔ اگر کوئی نامعلوم شخص رقم غلطی سے منتقل ہونے کا دعویٰ کرے تو اس کے کہنے پر فوری رقم واپس نہ بھیجیں، پہلے اپنے اکاؤنٹ کی ٹرانزیکشن ہسٹری اور متعلقہ مالیاتی ادارے سے تصدیق کریں۔ آن لائن اسائنمنٹ ورک یا گھر بیٹھے کمائی کے نام پر رجسٹریشن فیس دینے سے پہلے مکمل تحقیق کریں۔ کسی کو اپنا او ٹی پی، پن یا خفیہ کوڈ نہ بتائیں اور فوری منافع کے وعدوں پر آنکھیں بند کرکے یقین نہ کریں۔

اب وقت آگیا ہے کہ ہم آن لائن دنیا میں بھی اتنے ہی محتاط رہیں جتنے عام زندگی میں ہوتے ہیں، کیونکہ ہر ڈاکو کے ہاتھ میں پستول نہیں ہوتا۔ کچھ لوگ ہماری ضروریات اور اعتماد کو اپنے فائدے کے لیے استعمال کرکے محنت کی کمائی ہتھیانے کی کوشش کرتے ہیں۔ ذرا سی بے احتیاطی کسی کو اپنی جمع پونجی سے محروم کر سکتی ہے۔
