پشاور: مشیر اطلاعات و تعلقاتِ عامہ برائے گورنر خیبر پختونخوا ثمر ہارون بلور نے دعویٰ کیا ہے کہ صوبے میں بڑے پیمانے پر پلیسر گولڈ (دریاؤں اور ندی نالوں کی تہہ میں موجود سونے) کی غیر قانونی کان کنی جاری تھی، جس میں مبینہ طور پر سیاسی شخصیات، مقامی انتظامیہ، پولیس اور بیوروکریسی کے بعض اہلکار بھی ملوث ہیں۔
نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے ثمر ہارون بلور نے کہا کہ غیر قانونی گولڈ مائننگ سے متعلق ویڈیوز سامنے آنے کے بعد معاملے کی تفصیلات عوام کے سامنے آئی ہیں۔ ان کے مطابق 2024 میں گولڈ مائننگ کے چار ارب روپے مالیت کے ٹھیکے دیے گئے، تاہم یہ ٹھیکے مبینہ طور پر بدنیتی کے تحت کم قیمت پر جاری کیے گئے تھے۔
انہوں نے بتایا کہ 2025 میں قومی احتساب بیورو (نیب) کی انکوائری کے بعد ٹھیکے روک دیے گئے تھے، لیکن اس کے باوجود ہزاروں ایکسکیویٹرز، ڈمپرز اور دیگر بھاری مشینری کے ذریعے کان کنی جاری رہی۔ ان کا دعویٰ تھا کہ اس کام میں روزانہ اجرت پر 8 سے 10 ہزار سے زائد مزدور کام کر رہے تھے، جبکہ کان کنی کے لیے انجینئرز اور خصوصی سیٹلائٹ فون سسٹم بھی قائم کیا گیا تھا۔
ثمر ہارون بلور نے الزام لگایا کہ وزیراعلیٰ سہیل آفریدی کے بھائی نوید آفریدی، ہادی عرف پتنگ، ان کے مبینہ فرنٹ مینوں، کزنز اور دیگر افراد کے نام بھی اس معاملے میں سامنے آئے ہیں۔ ان کے مطابق ایک رکن قومی اسمبلی، صوبائی وزیر آفتاب عالم، ایک سینیٹر اور جمعیت علمائے اسلام اور پاکستان پیپلز پارٹی کے بعض رہنماؤں کے نام بھی زیرِ بحث ہیں۔ انہوں نے مقامی انتظامیہ، پولیس اور بیوروکریسی کے بعض اہلکاروں پر بھی ملوث ہونے کے الزامات عائد کیے۔
انہوں نے واضح کیا کہ غیر قانونی کان کنی کے خلاف کارروائی کسی سیاسی انتقام کے تحت نہیں کی جا رہی۔ ان کے مطابق گورنر خیبر پختونخوا کے باضابطہ حکم پر گولڈ مائننگ کے ٹھیکے معطل کیے گئے ہیں اور معاملے کی تحقیقات کے لیے مشترکہ تحقیقاتی ٹیم (جے آئی ٹی) تشکیل دی گئی ہے، جس کی سربراہی ایک ریٹائرڈ ہائی کورٹ جج کریں گے۔ ٹیم میں قانون کے شعبے سے تعلق رکھنے والے افراد بھی شامل ہوں گے۔
ثمر ہارون بلور کے مطابق جے آئی ٹی غیر قانونی کان کنی میں ملوث افراد کی نشاندہی، ان کے خلاف قانونی الزامات کے تعین اور آئندہ کارروائی کے لیے سفارشات مرتب کرکے گورنر اور ایڈوائزری کونسل کو پیش کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کا مقصد ملوث عناصر کو عدالت کے کٹہرے میں لانا اور قومی خزانے کو پہنچنے والے نقصان کا حساب لینا ہے۔
گفتگو کے دوران انہوں نے پولیس اہلکاروں کی شہادتوں کا معاملہ بھی اٹھایا۔ ان کا کہنا تھا کہ دس پولیس اہلکاروں کی شہادت کی ذمہ داری تحریک طالبان پاکستان (ٹی ٹی پی) نے قبول کی تھی، جبکہ خیبر پختونخوا پولیس نے ایک کارروائی میں پانچ دہشت گردوں کو ہلاک کیا۔ ان کے مطابق ہلاک ہونے والوں میں ایک افغان شہری بھی شامل تھا، جو ٹی ٹی پی کے ایک بڑے کمانڈر کا چیف سکیورٹی گارڈ تھا۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ اس شہری کی کمانڈر کے ساتھ تصاویر اور مختلف محاذوں پر ویڈیوز بھی موجود ہیں۔
ثمر ہارون بلور نے الزام لگایا کہ غیر قانونی کان کنی سے حاصل ہونے والی رقم ان عناصر تک پہنچنے کا معاملہ تشویشناک ہے جن پر سکیورٹی فورسز اور شہریوں کو نشانہ بنانے کے الزامات ہیں۔ انہوں نے کہا کہ قومی خزانے کو نقصان پہنچانے والوں کے خلاف مقدمات درج کرانے کے ساتھ دس شہید پولیس اہلکاروں کا مقدمہ بھی متعلقہ افراد کے خلاف درج کرانے کی کوشش کی جائے گی۔
انہوں نے مزید بتایا کہ نوشہرہ سے بھی غیر قانونی مائننگ کی اطلاعات موصول ہو رہی ہیں اور اس حوالے سے بھی معاملے کا جائزہ لیا جا رہا ہے۔
