پشاور: خیبر پختونخوا کے میڈیکل ٹیچنگ اداروں میں ٹرینی رجسٹرارز کی آسامیاں ختم کرنے کے فیصلے کے بعد تقریباً 500 ڈاکٹروں کے مستقبل سے متعلق خدشات پیدا ہوگئے ہیں۔ موجودہ ٹرینی رجسٹرارز کے معاہدے یکم دسمبر 2026 سے ختم کرنے کا عمل شروع کردیا گیا ہے۔
مردان میڈیکل کمپلیکس نے ٹرینی رجسٹرارز کو ہدایت کی ہے کہ وہ یکم دسمبر سے پہلے اپنی ضروری کلیئرنس مکمل کرکے انسانی وسائل کے شعبے میں جمع کرائیں۔ اس فیصلے میں وہ ڈاکٹرز بھی شامل ہیں جنہیں پہلے جونیئر رجسٹرار کے طور پر بھرتی کیا گیا تھا، تاہم بعد میں ان کے عہدے ٹرینی رجسٹرار میں تبدیل کردیے گئے۔
صوبائی ڈاکٹرز ایسوسی ایشن کے مطابق اس فیصلے سے خیبر پختونخوا کے میڈیکل ٹیچنگ اداروں میں کام کرنے والے تقریباً 500 ڈاکٹرز متاثر ہوسکتے ہیں۔ ایسوسی ایشن نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ ان ڈاکٹروں کی خدمات ختم ہونے سے تدریسی اسپتالوں میں طبی عملے کی دستیابی اور مریضوں کی دیکھ بھال متاثر ہوسکتی ہے۔
میڈیکل ٹیچنگ انسٹی ٹیوشنز (ایم ٹی آئی) پالیسی بورڈ نے ستمبر 2026 میں ٹرینی رجسٹرار کی نئی بھرتیوں کے اشتہارات واپس لینے اور ان آسامیوں کو ختم کرنے کی ہدایات جاری کی تھیں۔ بورڈ کے فیصلے کے مطابق ان عہدوں کے تربیتی مقاصد واضح نہیں تھے اور بعض ڈاکٹرز ان کے ذریعے اپنی فیلوشپ آف کالج آف فزیشنز اینڈ سرجنز پاکستان (ایف سی پی ایس) کی تربیت میں توسیع حاصل کر رہے تھے۔
اس کے متبادل کے طور پر پالیسی بورڈ نے ایف سی پی ایس امتحان پاس کرنے والے ڈاکٹروں کے لیے دو سالہ ایکسپیرینشل رجسٹرار کی آسامیاں متعارف کرائی ہیں، تاکہ وہ مستقبل میں فیکلٹی کی ملازمتوں کے لیے درکار تجربہ حاصل کرسکیں۔
