خیبرپختونخوا: محکمہ وائلڈ لائف نے موٹر وے پر کارروائی کرتے ہوئے نایاب شکاری پرندوں کی بیرونِ ملک غیرقانونی منتقلی کی کوشش ناکام بنا دی اور ایک گاڑی سے تین قیمتی پرندے برآمد کر لیے۔
محکمہ وائلڈ لائف کے مطابق برآمد ہونے والے پرندوں میں دو پیریگرین فالکن اور ایک شاہین فالکن شامل ہیں، جنہیں مبینہ طور پر عرب ممالک اسمگل کرنے کے لیے لے جایا جا رہا تھا۔
کارروائی کے بعد کنزرویٹر وائلڈ لائف محمد نیاز اور ڈسٹرکٹ فاریسٹ آفیسر مناہل وہاب نے تینوں پرندوں کو ان کے قدرتی ماحول میں آزاد کر دیا۔
محکمہ وائلڈ لائف کا کہنا ہے کہ شکاری پرندوں کی غیرقانونی خرید و فروخت اور اسمگلنگ جنگلی حیات کے تحفظ اور حیاتیاتی تنوع کے لیے سنگین خطرہ ہے۔
