ایمان ظاہر شاہ
یہ بات بالکل درست ہے کہ گزشتہ چند برسوں میں پاکستانی ڈرامہ انڈسٹری نے دنیا بھر میں اپنی ایک الگ پہچان بنائی ہے۔ اس کا اندازہ اس بات سے لگایا جا سکتا ہے کہ آئے روز غیر ملکی فنکار بھی ہمارے ڈراموں اور ان کی کہانیوں کی تعریف کرتے نظر آتے ہیں۔ پاکستانی ڈراموں کی مقبولیت کی ایک بڑی وجہ ان کا حقیقت سے قریب تر ہونا بھی ہے، لیکن آج کل کے ڈراموں میں ایک بات قابلِ اعتراض ہے کہ زیادہ تر کہانیوں میں عورت کو اس طرح پیش کیا جاتا ہے جیسے وہ مرد کے سہارے کے بغیر نہ خوش رہ سکتی ہے اور نہ ہی زندگی میں کچھ بڑا حاصل کر سکتی ہے۔

یہ حقیقت ہے کہ ایک مرد کا ساتھ عورت کی زندگی کو خوبصورت بنا سکتا ہے، چاہے وہ باپ کی صورت میں ہو، شوہر کے روپ میں یا بھائی کی شکل میں۔ لیکن جس طرح عورت کے لیے مرد کا ساتھ اہمیت رکھتا ہے، اسی طرح ایک مرد کی زندگی میں بھی عورت کا وجود اتنا ہی خوبصورت اور اہم ہے۔ مسئلہ تب پیدا ہوتا ہے جب ڈراموں میں عورت کی خوشیوں، کامیابیوں اور زندگی کی تکمیل کو کسی مرد کی آمد سے جوڑ دیا جاتا ہے، جیسے کوئی شہزادہ آئے گا اور اس کی زندگی میں خوشیوں کی بہار لے آئے گا۔
حالانکہ حقیقت اس سے مختلف ہے۔ زندگی میں کوئی شہزادہ یا شہنشاہ آ کر ہر مشکل آسان نہیں کرتا، بلکہ ہر انسان کو اپنے حصے کی جنگ خود لڑنی پڑتی ہے۔ ڈراموں کی ایسی کہانیوں سے متاثر ہو کر بہت سی لڑکیاں بھی کسی شہزادے کے انتظار میں رہتی ہیں۔ کوئی ’’درنجات‘‘ کے ابوبکر کو اپنا آئیڈیل بناتی ہے تو کوئی ’’میرے ہمسفر‘‘ کے حمزہ جیسے کردار میں اپنی خوشیوں کا خواب دیکھتی ہے۔ یوں محبت اور رشتوں کی خوبصورت توقعات کے ساتھ کہیں نہ کہیں وہ اپنی ذات، صلاحیتوں اور مستقبل کے خوابوں کو پسِ پشت ڈال دیتی ہیں۔

ضرورت اس بات کی ہے کہ پاکستانی ڈراموں میں عورت کو صرف کسی کی محبت کی منتظر نہیں بلکہ اپنی زندگی کے فیصلے خود کرنے والی ایک مضبوط شخصیت کے طور پر بھی دکھایا جائے۔ ایسی کہانیاں سامنے آنی چاہئیں جن میں ایک لڑکی دکھ اور مشکلات کا سامنا کرنے کے بعد خود اپنے قدموں پر کھڑی ہوتی ہے، ٹوٹنے کے بعد خود کو سنبھالتی ہے اور کسی کے دھوکے یا چھوڑ جانے کے بعد کسی نئے شہزادے کی منتظر رہنے کے بجائے اپنے روشن مستقبل کے خواب دیکھتی ہے اور انہیں پورا کرنے کے لیے جدوجہد کرتی ہے۔

ہمیں ایسے کردار چاہئیں جن میں عورت اپنی زندگی کی خود ہیروئن ہو، جسے اپنی صلاحیتوں پر یقین ہو اور جو جانتی ہو کہ اس کی پہچان کسی دوسرے شخص کی محتاج نہیں۔ وہ محبت کرے، رشتے نبھائے اور دوسروں کا ساتھ بھی دے، لیکن اپنی ذات کو کبھی فراموش نہ کرے۔ اسے یہ اعتماد ہو کہ کسی کے چھوڑ جانے سے زندگی رک نہیں جاتی اور نہ ہی اس کی اہمیت ختم ہو جاتی ہے۔

ڈرامہ لکھنے والوں کو یہ سمجھنا ہوگا کہ عورت صرف کسی کی بیٹی، بیوی یا بہن ہی نہیں بلکہ اپنی ذات میں ایک مکمل انسان بھی ہے۔ اسے کمزور اور بے بس دکھانے کے بجائے اس کی ہمت، خود اعتمادی اور جدوجہد کو بھی کہانیوں کا حصہ بنایا جائے۔ آخر یہ حقیقت بھی فراموش نہیں کرنی چاہیے کہ مردوں کو بھی اسی دنیا میں ایک عورت ہی جنم دیتی ہے۔ پھر عورت کو بار بار کمزور اور دوسروں کے سہارے کی محتاج کیوں دکھایا جائے؟

اب وقت آگیا ہے کہ پاکستانی ڈراموں میں عورت کو کسی شہزادے کے انتظار میں کھڑی دکھانے کے بجائے اپنی زندگی کی کہانی خود لکھتے ہوئے دکھایا جائے۔
