عمان میں کھیلے گئے انڈر 19 ایشیا کپ کے فائنل میں بھارت نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد پاکستان کو آخری گیند پر شکست دے دی۔
پاکستان کی جانب سے دیا گیا 338 رنز کا ہدف بھارتی ٹیم نے آخری گیند پر حاصل کرلیا۔ موہت اولوا نے آخری گیند پر باؤنڈری لگا کر بھارت کو فتح دلائی۔ انہوں نے 26 گیندوں پر ناقابل شکست 49 رنز بنائے۔
بھارت کی جانب سے کپتان لشکے نے 80 رنز کی نمایاں اننگز کھیلی، جب کہ سہواگ نے 58 اور منال چوہان نے 47 رنز بنائے۔
پاکستان کی جانب سے محمد صیام نے 49ویں اوور میں 17 رنز دیے۔ اس وقت بھارت کو 12 گیندوں پر 25 رنز درکار تھے۔
پاکستان کی جانب سے رضوان اللہ نے 3 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا، نقاب شفیق نے 2 وکٹیں حاصل کیں، جب کہ حسنین عباس، علی رضا اور محمد صیام نے ایک، ایک کھلاڑی کو پویلین کی راہ دکھائی۔
اس سے قبل پاکستان نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 9 وکٹوں کے نقصان پر 337 رنز بنائے تھے اور بھارت کو جیت کے لیے 338 رنز کا ہدف دیا تھا۔
