اسلام آباد: پاکستان محکمہ موسمیات نے ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم خشک جبکہ بالائی علاقوں میں سرد رہنے کی پیش گوئی کی ہے، تاہم بالائی خیبر پختونخوا، گلگت بلتستان اور کشمیر کے بعض علاقوں میں بارش اور پہاڑوں پر برفباری کا امکان ہے۔

 

محکمہ موسمیات کے مطابق ہفتہ 14 نومبر کو دیر، چترال، سوات، کوہستان، شانگلہ، بٹگرام، مانسہرہ، ایبٹ آباد، بونیر، ملاکنڈ، باجوڑ، خیبر اور کرم کے بعض مقامات پر بارش اور گرج چمک کے ساتھ بلند پہاڑوں پر برفباری متوقع ہے۔

پیش گوئی کے مطابق اتوار 15 نومبر کو ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم خشک اور بالائی علاقوں میں سرد رہنے کا امکان ہے، تاہم کشمیر اور اس سے ملحقہ پہاڑی علاقوں میں بعض مقامات پر بارش ہوسکتی ہے۔

 

محکمہ موسمیات کا یہ بھی کہنا ہے کہ  ملک کے بیشتر علاقوں میں 16 سے 20 نومبر تک موسم خشک رہنے جبکہ بالائی علاقوں میں سردی برقرار رہنے کی توقع ہے۔