خیبر پختونخوا کے ضلع لکی مروت کے علاقے وانڈہ شہاب خیل میں دو سالہ بچے سہیل خان کے قتل کے واقعے میں پولیس نے اہم کامیابی حاصل کرتے ہوئے دو مبینہ ملزمان کو گرفتار کر لیا ہے۔ گرفتار ملزمان آپس میں قریبی دوست بتائے جاتے ہیں، جبکہ پولیس نے مزید تفتیش کے لیے عدالت سے تین روزہ جسمانی ریمانڈ بھی حاصل کر لیا ہے۔
پولیس کے مطابق 28 اکتوبر 2026 کو صبح ساڑھے 8 بجے صفت اللہ ولد گل مرجان سکنہ وانڈہ شہاب خیل نے تھانہ ڈاڈیوالہ میں رپورٹ درج کرائی کہ اس کا دو سالہ بیٹا سہیل خان گھر سے لاپتہ ہو گیا ہے۔ رشتہ داروں اور دیگر مقامات پر تلاش کے باوجود بچے کا کوئی سراغ نہ ملنے پر پولیس کو اطلاع دی گئی۔

رپورٹ موصول ہوتے ہی ایس ایچ او ڈاڈیوالہ پولیس نفری کے ہمراہ بچے کی تلاش میں روانہ ہوئے۔ اسی روز شام تقریباً 5 بجے پولیس کو اطلاع ملی کہ محلہ حبیب خیل، وانڈہ شہاب خیل میں خانہ نواز خان کے گھر کے قریب ایک پلاسٹک کے گٹو میں بچے کی لاش موجود ہے۔
پولیس موقع پر پہنچی تو وہاں سے بچے کی لاش برآمد ہوئی، جس کی شناخت والد صفت اللہ نے اپنے بیٹے سہیل خان کے نام سے کی۔ بعدازاں لاش کو پوسٹ مارٹم کے لیے تحصیل ہیڈکوارٹر ہسپتال سرائے نورنگ منتقل کیا گیا، جہاں معائنے کے دوران انکشاف ہوا کہ بچے کو تیز دھار آلے سے قتل کیا گیا تھا۔

واقعے کا مقدمہ نمبر 302 مورخہ 28 اکتوبر 2026 کو تھانہ ڈاڈیوالہ میں نامعلوم ملزمان کے خلاف قتل اور اغوا کی دفعات 302 اور 364 کے تحت درج کیا گیا۔
واقعے کی سنگینی کے پیش نظر ڈی پی او لکی مروت سجاد احمد صاحبزادہ اور ایس پی انویسٹی گیشن شیر حسن نے اسپیشل انویسٹی گیشن ٹیم کے ہمراہ جائے وقوعہ کا دورہ کیا اور اپنی نگرانی میں تحقیقات کا آغاز کیا۔
پولیس کے مطابق تفتیش کے دوران جائے وقوعہ سے اہم شواہد اکٹھے کیے گئے۔ ایک استعمال شدہ بوری پر تحریر شدہ نام اور لاش کے قریب موجود کوڑے سے اخروٹ کے چھلکے ملے۔ اسی نوعیت کے چھلکے فوجی نعمت اللہ کے گھر سے جمع کیے گئے کوڑے میں بھی پائے گئے، جنہیں پولیس نے قبضے میں لے لیا۔
مزید تفتیش اور شواہد کی روشنی میں نعیم اللہ ولد فوجی نعمت اللہ اور رمضان ولد عنایت اللہ ساکنان وانڈہ شہاب خیل پر شبہ ظاہر کیا گیا۔ پولیس کے مطابق دونوں ملزمان واقعے کے بعد اپنے گھر چھوڑ کر نامعلوم مقام پر منتقل ہو گئے تھے۔ بعدازاں مدعی مقدمہ نے بھی حالات و واقعات کی بنیاد پر دونوں کو نامزد کیا، جبکہ ضابطہ فوجداری کی دفعات 161 اور 164 کے تحت بیانات بھی قلم بند کیے گئے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ اسپیشل انویسٹی گیشن ٹیم نے محدود وسائل کے باوجود گنجان آباد علاقے میں شواہد کی مدد سے دونوں مبینہ ملزمان تک رسائی حاصل کرکے انہیں گرفتار کر لیا۔ عدالت سے تین روزہ جسمانی ریمانڈ حاصل کر لیا گیا ہے، جبکہ آلہ قتل کی برآمدگی اور مزید شواہد اکٹھے کرنے کے لیے تفتیش جاری ہے۔
