عمان میں انڈر 19 ایشیا کپ کے فائنل میں پاکستان نے روایتی حریف بھارت کے خلاف ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ دونوں ٹیمیں ایشیائی ٹائٹل اپنے نام کرنے کے لیے میدان میں اتر رہی ہیں۔
العامرات میں کھیلے جانے والے اس اہم مقابلے میں دفاعی چیمپئن پاکستان کی قیادت فرحان یوسف کر رہے ہیں۔ ٹاس جیتنے کے بعد قومی کپتان نے کہا کہ پچ بیٹنگ کے لیے سازگار دکھائی دے رہی ہے، اسی لیے پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا ہے۔
پاکستان نے سیمی فائنل میں بنگلہ دیش کو 9 وکٹوں سے شکست دے کر فائنل میں جگہ بنائی تھی، جبکہ بھارت نے افغانستان کو 8 وکٹوں سے ہرا کر ٹائٹل مقابلے تک رسائی حاصل کی۔
واضح رہے کہ پاکستان نے گروپ مرحلے میں بھی بھارت کو 3 وکٹوں سے شکست دی تھی۔ اب قومی ٹیم کی نظریں مسلسل دوسری مرتبہ ایشیا کپ کا ٹائٹل جیتنے پر ہیں۔
