عالمی مارکیٹ میں سونے کی قیمتوں میں کمی کے اثرات پاکستان کی مقامی صرافہ مارکیٹ پر بھی پڑے ہیں، جہاں جمعے کے روز سونے کی قیمت میں نمایاں کمی ریکارڈ کی گئی۔ قیمتوں میں اس کمی سے بالخصوص ان خاندانوں نے خوشی کا اظہار کیا ہے جو شادیوں کی تیاریوں میں مصروف ہیں اور بیٹیو ں کے لیے سونے کے زیورات خریدنے کا ارادہ رکھتے ہیں۔

 

آل پاکستان جیمز اینڈ جیولرز ایسوسی ایشن کے مطابق کاروباری ہفتے کے آخری روز ملک بھر میں 24 قیراط فی تولہ سونے کی قیمت میں 4 ہزار 900 روپے کی کمی ہوئی، جس کے بعد نئی قیمت 4 لاکھ 11 ہزار 636 روپے ہوگئی۔

 

اسی طرح 10 گرام سونے کی قیمت میں 4 ہزار 201 روپے کی کمی ریکارڈ کی گئی، جس کے بعد اس کی نئی قیمت 3 لاکھ 52 ہزار 911 روپے ہوگئی۔

 

دوسری جانب بین الاقوامی بلین مارکیٹ میں بھی فی اونس سونے کی قیمت 49 ڈالر کم ہوکر 3 ہزار 891 ڈالر پر آگئی۔

 

قیمتوں میں کمی پر سوات سے تعلق رکھنے والی حلیمہ کا کہنا ہے کہ ان کے گھر میں شادی کی تیاریاں جاری ہیں اور ایسے موقع پر سونے کی قیمتوں میں کمی ان کے لیے خوش آئند ہے۔ ان کے مطابق شادی کے لیے سونے کے زیورات خریدنا پہلے ہی ایک بڑا مالی بوجھ ہوتا ہے، اس لیے قیمتوں میں کمی سے خاندانوں کو کچھ ریلیف ملتا ہے اور خریداری کی امید بھی بڑھتی ہے۔

 سونے کی قیمتوں میں کمی ایک اچھی خبر ہے، تاہم قیمتوں میں مزید کمی کے حوالے سے خریداروں کی نظریں اب صرافہ مارکیٹ کی آئندہ صورتِ حال پر لگی ہوئی ہیں۔