پشاور میں مسافروں کی بڑھتی ہوئی تعداد اور سفری ضروریات کے پیشِ نظر بی آر ٹی (زو پشاور) کی بس سروس میں توسیع کردی گئی ہے، جس کے تحت دو مصروف روٹس پر 25 اضافی بسیں شامل کی گئی ہیں، جبکہ جنوبی رنگ روڈ پر ایک نئے روٹ کا آغاز بھی کیا جا رہا ہے۔
زو پشاور کے مطابق روٹس ER-01 اور SR-02 پر 12 میٹر طویل 25 نئی بسیں چلائی جائیں گی، جس کے بعد ان دونوں روٹس پر بسوں کی مجموعی تعداد 59 سے بڑھ کر 84 ہوگئی ہے۔ اس اضافے سے مسافروں کو بسوں کے انتظار میں کمی، رش سے نجات اور نسبتاً آرام دہ سفر کی سہولت فراہم کرنے میں مدد ملے گی۔
دوسری جانب جنوبی رنگ روڈ پر نئے روٹ DR-17 کا آغاز پیر 16 نومبر سے ہوگا۔ یہ روٹ چمکنی سے مال آف حیات آباد تک چلایا جائے گا اور راستے میں 27 اسٹاپس ہوں گے، جس سے رہائشی علاقوں، تعلیمی اداروں اور تجارتی مراکز تک رسائی آسان ہوگی۔

شیڈول کے مطابق چمکنی سے پہلی بس صبح 7 بجے روانہ ہوگی، جبکہ مال آف حیات آباد سے پہلی بس صبح 8 بج کر 20 منٹ پر چلے گی۔ اس روٹ پر سروس شام 7 بجے تک جاری رہے گی، جبکہ ابتدائی طور پر بسوں کے درمیان 15 منٹ کا وقفہ رکھا گیا ہے۔
