پشاور: عوامی نیشنل پارٹی (اے این پی) کے مرکزی صدر سینیٹر ایمل ولی خان نے کہا ہے کہ صوبے کے معدنی وسائل اور ان کی تقسیم کے معاملے پر پارٹی اپنے مؤقف سے ایک انچ بھی پیچھے نہیں ہٹے گی۔ صوبے کے معدنی وسائل سے متعلق فیصلے کا اختیار یہاں کے عوام اور ان کی منتخب حکومت کے پاس ہونا چاہیے۔
اپنے بیان میں ایمل ولی خان نے کہا کہ اگر کسی کو نئے صوبے بنانے ہیں تو اس کے لیے آئین میں باقاعدہ طریقہ کار موجود ہے، تاہم ریفرنڈم کس آئینی بنیاد پر کرایا جائے گا؟ کیا ایسا اقدام غیر آئینی نہیں ہوگا اور اس میں ملوث افراد کے خلاف آرٹیکل 6 کے تحت کارروائی نہیں ہونی چاہیے؟
انہوں نے بتایا کہ اے این پی موجودہ صورتحال پر غور و خوض کے لیے جلد تھنک ٹینک کا اجلاس طلب کر رہی ہے، جس کے بعد تمام سیاسی جماعتوں، تحریکوں اور متعلقہ فریقین کو بھی مدعو کرکے حالات کا تفصیلی جائزہ لیا جائے گا۔
ان کا کہنا تھا کہ صوبے کو درپیش مسائل کا مقابلہ کسی ایک سیاسی جماعت کے بس کی بات نہیں، اس لیے تمام سیاسی قوتوں اور متعلقہ فریقین کو کم از کم مشترکہ ایجنڈے پر متحد ہونا ہوگا۔
ایمل ولی خان نے کہا کہ گورنر خیبر پختونخوا کی ولی باغ آمد کے موقع پر بھی واضح کیا گیا تھا کہ اگر گورنر صوبے کا حقیقی مقدمہ لڑیں گے تو اے این پی ان کے ساتھ کھڑی ہوگی، لیکن اگر انہوں نے اپنے آئینی دائرہ اختیار سے تجاوز کیا اور طے شدہ راستے سے ہٹنے کی کوشش کی تو پارٹی اس کے خلاف بھی سب سے پہلے میدان میں ہوگی۔
انہوں نے ایمرجنسی کے نفاذ کے نتیجے میں آئین کے آرٹیکل 199 کی معطلی اور آئینی عدالت کے فیصلے کو مایوس کن قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس صورتحال میں وکلا برادری، بالخصوص ملگری وکیلان، مختلف بار ایسوسی ایشنز اور بار کونسلز کے منتخب عہدیداروں پر بھاری ذمہ داری عائد ہوتی ہے۔ وکلا کو اس معاملے پر سنجیدہ اور مؤثر اقدامات اٹھانے چاہئیں، کیونکہ اس نازک موقع پر خاموشی اختیار کرنا صوبے اور اس کے عوام کے ساتھ زیادتی کے مترادف ہوگا۔
سینیٹر ایمل ولی خان نے مزید کہا کہ صوبے کے آئینی حقوق، معدنی وسائل، وحدت اور عوام کے مستقبل کے تحفظ کے لیے تمام جمہوری اور سیاسی قوتوں کو اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔ موجودہ حالات میں باہمی اختلافات سے بالاتر ہو کر مشترکہ جدوجہد اور متفقہ لائحہ عمل اختیار کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔
