انیلا نایاب
ہمارے معاشرے میں عورت کے لیے کامیابی حاصل کرنا شاید اتنا مشکل نہیں جتنا اپنی کامیابی کو تنقید، الزامات اور کردار کشی سے محفوظ رکھنا ہے۔ افسوس کہ جب کوئی عورت اپنی محنت، قابلیت اور کارکردگی کی بنیاد پر آگے بڑھتی ہے تو اسے مبارکباد دینے کے بجائے اس کے لباس، ظاہری شخصیت اور کردار پر سوال اٹھائے جانے لگتے ہیں۔
یہ تلخ حقیقت مجھے اس وقت محسوس ہوئی جب میں نے اپنے ادارے میں چند ہی ماہ کی ملازمت کے بعد ایک نئی ذمہ داری سنبھالی۔ مجھے کلاس روم سے انتظامی شعبے میں منتقل کر دیا گیا۔ یہ تبدیلی میری محنت، کارکردگی اور ذمہ داریوں کا نتیجہ تھی، لیکن بعض لوگوں کو شاید میرا یہ مقام قبول نہیں ہوا۔ میری پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو تسلیم کرنے کے بجائے یہ جملے سننے کو ملے کہ وہ تو روز بن سنور کر آتی ہے۔ گویا میری محنت اور قابلیت سے زیادہ میری ظاہری شخصیت اہم تھی۔

یہ رویہ صرف ایک فرد یا ادارے تک محدود نہیں بلکہ ہمارے معاشرے کی اس سوچ کی عکاسی کرتا ہے جہاں عورت کی کامیابی کو اس کی قابلیت کے بجائے کسی مرد کی سفارش، سرپرستی یا تعلق سے جوڑ دیا جاتا ہے۔ عورت اعلیٰ تعلیم حاصل کرے، اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوائے یا کسی بڑے عہدے تک پہنچ جائے، پھر بھی اس کی کامیابی کو اپنی محنت کا نتیجہ تسلیم کرنے کے بجائے اس کے پیچھے کسی مرد کا سہارا تلاش کیا جاتا ہے۔
سوال یہ ہے کہ عورت کی کامیابی کو اس کی اپنی قابلیت کے طور پر قبول کرنے میں اتنی مشکل کیوں پیش آتی ہے؟ اس کے کام، تجربے اور کارکردگی پر بات کرنے کے بجائے اس کے لباس، میل جول اور ذاتی زندگی کو موضوعِ بحث کیوں بنایا جاتا ہے؟

معاشرے کا یہ دوہرا معیار بھی قابلِ غور ہے کہ عورت کی معمولی غلطی کو نمایاں کیا جاتا ہے، مگر اس کی برسوں کی محنت اور کامیابیوں کو نظرانداز کر دیا جاتا ہے۔ اسے آگے بڑھنے کا موقع تو ملتا ہے، لیکن اس مقام پر پہنچنے کے بعد بھی اسے اپنی قابلیت ثابت کرنے کے ساتھ اپنے کردار کا دفاع کرنا پڑتا ہے۔
یقیناً زندگی میں ایک دوسرے کا تعاون اور سہارا اہم ہے، لیکن عورت کی کامیابی کو کسی مرد کی سرپرستی سے مشروط کرنا ناانصافی ہے۔ عورت بھی اپنی تعلیم، محنت، شعور اور صلاحیتوں کے ذریعے اپنی الگ شناخت قائم کر سکتی ہے۔ اس کی کامیابی کو کسی دوسرے شخص کے کھاتے میں ڈالنا اس کی جدوجہد کی نفی ہے۔

اب وقت آ گیا ہے کہ ہم عورت کی ظاہری شخصیت کے بجائے اس کی کارکردگی کی تعریف کیا کریں، کردار کشی اور بے بنیاد الزامات کے بجائے اس کی محنت کو اہمیت دیں۔ عورت کی ترقی پر سوال اٹھانے کے بجائے اس کی حوصلہ افزائی کریں، کیونکہ اس کی کامیابی کسی کے لیے خطرہ نہیں بلکہ ایک مثبت اور ترقی یافتہ معاشرے کی علامت ہے۔
