خیبرپختونخو کے ضلع لکی مروت ڈویژن بیٹنی میں حسین خیل غنڈی روڈ پر نامعلوم مسلح افراد نے ناکہ بندی کرکے ایک گاڑی کو روک لیا اور اس میں سوار چار افراد کو مبینہ طور پر اغوا کرلیا۔
ذرائع کے مطابق مغویوں میں پولیس اہلکار شعبان، ایف سی اہلکار نسیم، ڈرائیور رحمن گل جبکہ چوتھے شخص کی شناخت تاحال معلوم نہیں ہوسکی۔
واقعے کے بعد علاقے میں شدید فائرنگ کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں۔ مقامی ذرائع کے مطابق بیٹنی قوم کے افراد بڑی تعداد میں متحرک ہوگئے ہیں اور مبینہ طور پر مسلح افراد کی نقل و حرکت روکنے کے لیے مختلف راستوں پر ناکہ بندی کی گئی ہے۔
علاقے میں فائرنگ اور کشیدہ صورتحال کے باعث مقامی آبادی میں شدید تشویش پائی جارہی ہے۔ تاہم واقعے کی مزید تفصیلات اور مغویوں کی بازیابی سے متعلق سرکاری مؤقف تاحال سامنے نہیں آیا۔
