وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) پشاور زون نے پاکستانی شناختی کارڈ اور پاسپورٹ کے حصول میں مبینہ فراڈ کے الزام میں 4 افغان باشندوں کو گرفتار کر لیا۔ گرفتار ملزمان کے قبضے سے ان کی تصاویر والے پاکستانی قومی شناختی کارڈز کی نقول بھی برآمد ہوئی ہیں۔
ایف آئی اے کے مطابق ادارے کو مصدقہ اطلاع موصول ہوئی تھی کہ افغان باشندے ایجنٹوں کے ذریعے پاکستانی شناختی کارڈ اور پاسپورٹ حاصل کرنے کے لیے اسپن غر ہاسٹل، شاہین ٹاؤن پشاور میں مقیم ہیں۔
یہ بھی پڑھیے: ڈیرہ اسماعیل خان: روڈی خیل سے دو ٹیوب ویل آپریٹرز اغوا، لواحقین کا احتجاج
اطلاع پر ایف آئی اے اینٹی ہیومن ٹریفکنگ سرکل (اے ایچ ٹی سی) پشاور کی ٹیم نے مذکورہ مقام پر چھاپہ مار کر چار افغان باشندوں کو گرفتار کر لیا۔ گرفتار ملزمان کی شناخت صدیق اللہ، رحمت اللہ، عبداللہ اور ناصر کے ناموں سے ہوئی ہے، جن کا تعلق افغانستان سے ہے۔
ایف آئی اے کے مطابق ابتدائی تفتیش کے دوران ملزمان نے مبینہ طور پر انکشاف کیا کہ انہوں نے طلعت عرف پیر نامی ایجنٹ کی مدد سے پاکستانی شناختی کارڈ حاصل کیے تھے۔ ملزمان پاکستانی ویزا بھی پیش نہیں کر سکے۔
ایف آئی اے اے ایچ ٹی سی پشاور نے گرفتار ملزمان کے خلاف مقدمہ نمبر 208/2026 درج کر لیا ہے۔ مقدمے میں تعزیراتِ پاکستان کی دفعات 419، 420، 468، 471 اور 109، جبکہ فارنرز ایکٹ 1946 کی دفعہ 14 شامل کی گئی ہے۔
