قومی احتساب بیورو (نیب) نے بدعنوانی سے متعلق عوامی شکایات کے ازالے اور احتساب کے عمل کو مزید مؤثر بنانے کے لیے ڈیرہ اسماعیل خان میں ذیلی دفتر قائم کرنے کا اعلان کر دیا۔
چیئرمین نیب لیفٹیننٹ جنرل (ر) نذیر احمد نے ڈیرہ اسماعیل خان ڈویژن اور ضم شدہ اضلاع سے بدعنوانی کی شکایات میں اضافے کے پیش نظر نئے دفتر کے قیام کا فیصلہ کیا۔
نیب ذرائع کے مطابق نئے ذیلی دفتر کے دائرہ اختیار میں ابتدائی طور پر چار اضلاع ڈیرہ اسماعیل خان، ٹانک، لوئر جنوبی وزیرستان اور اپر جنوبی وزیرستان شامل ہوں گے، جبکہ دفتر کی سربراہی گریڈ 20 کا ڈائریکٹر کرے گا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ علاقے میں ترقیاتی منصوبوں اور سرکاری محکموں سے متعلق مبینہ بدعنوانی اور انتظامی بے ضابطگیوں کی شکایات سامنے آتی رہی ہیں۔ نیا دفتر ان شکایات کی وصولی، جانچ پڑتال اور قانون کے مطابق کارروائی کے لیے کام کرے گا۔
ذیلی دفتر کے قیام سے شہریوں کو شکایات درج کرانے اور شواہد پیش کرنے کے لیے دور دراز نیب دفاتر جانے کی ضرورت کم ہوگی۔
نیب نے بدعنوانی کے مقدمات کی شفاف تحقیقات، عوامی وسائل کے تحفظ اور احتساب کے مؤثر عمل کو یقینی بنانے کے عزم کا بھی اعادہ کیا ہے۔
