خیبر پختونخوا کے مختلف اضلاع میں 10 سے 15 اکتوبر تک بارشوں، تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے، جبکہ بعض مقامات پر ژالہ باری اور پہاڑی علاقوں میں ہلکی برف باری کی بھی پیش گوئی کی گئی ہے۔

 

پروونشل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی خیبر پختونخوا (پی ڈی ایم اے) کے مطابق مغربی ہواؤں کا سلسلہ ہفتے سے ملک کے بالائی علاقوں میں داخل ہونے کا امکان ہے، جس کے پیش نظر تمام ضلعی انتظامیہ کو ضروری حفاظتی اقدامات کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

 

یہ بھی پڑھیے: پاکستان میں سونا مزید مہنگا، فی تولہ قیمت میں کتنا اضافہ ہوا؟

 

پی ڈی ایم اے نے خبردار کیا ہے کہ تیز ہواؤں اور ژالہ باری کے باعث کمزور عمارتوں، بل بورڈز، بجلی کے کھمبوں اور سولر پینلز کو نقصان پہنچ سکتا ہے۔ اس لیے متعلقہ اداروں کو ممکنہ خطرات سے نمٹنے کے لیے تیار رہنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

 

ضلعی انتظامیہ کو نکاسی آب کے نظام کی صفائی یقینی بنانے، سڑکوں کو آمدورفت کے لیے کھلا رکھنے اور بارشوں کے دوران دریاؤں، ندی نالوں اور برساتی نالوں کی مسلسل نگرانی کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ اس کے علاوہ ریسکیو اداروں اور متعلقہ محکموں کو بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے تیار رہنے کا کہا گیا ہے۔

 

پی ڈی ایم اے نے سیاحوں اور مسافروں کو خراب موسم کے دوران غیر ضروری سفر سے گریز کرنے، جبکہ شہریوں کو بارش اور گرج چمک کے دوران محفوظ مقامات پر رہنے اور بجلی کے کھمبوں اور تاروں سے دور رہنے کی ہدایت کی ہے۔

 

کسانوں اور مال مویشی پالنے والوں کو بھی ممکنہ بارشوں اور ژالہ باری سے فصلوں اور مویشیوں کو محفوظ رکھنے کے لیے احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کا کہا گیا ہے۔

 

پی ڈی ایم اے کے مطابق ایمرجنسی آپریشن سینٹر صورتحال کی مسلسل نگرانی کر رہا ہے۔