خیبرپختونخوا اور بلوچستان میں سکیورٹی فورسز کی فتنہ الخوارج اور فتنہ الہندوستان کے خلاف کارروائیاں جاری ہیں، جن میں 11 دہشت گرد ہلاک ہوگئے۔
سکیورٹی ذرائع کے مطابق جنوبی وزیرستان میں انٹیلی جنس کی بنیاد پر کارروائی کی گئی، جس کے دوران فتنہ الخوارج کے ٹھکانوں کو نشانہ بنایا گیا۔ کارروائی میں 5 دہشت گرد ہلاک ہوگئے۔
یہ بھی پڑھیے: پشاور میں پانی کی قلت کا خدشہ، 2050ء تک کیا خطرہ لاحق ہوسکتا ہے؟
ذرائع کا کہنا ہے کہ ہلاک دہشت گردوں کے ٹھکانوں سے بڑی تعداد میں اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد کیا گیا۔سکیورٹی فورسز نے آپریشن ردالفتنہ 3 کے تحت بلوچستان میں فتنہ الہندوستان کے خلاف بھی کارروائیاں کیں۔
سکیورٹی ذرائع کے مطابق بلوچستان کے علاقوں گورندر اور ماشکیل میں کی گئی کارروائیوں کے دوران 6 دہشت گرد ہلاک ہوئے۔
ذرائع کے مطابق دہشت گردوں نے ماشکیل میں چیک پوسٹ پر فائرنگ کے بعد فرار ہونے کی کوشش کی، تاہم سکیورٹی فورسز نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے فرار ہونے والے دہشت گردوں کو ہلاک کردیا۔
