پشاور میں تھانہ رحمان بابا کی حدود میں پولیس پارٹی پر فائرنگ کے نتیجے میں گینگ ریپ کے مقدمے میں گرفتار چار ملزمان ہلاک ہوگئے۔
سی سی پی او پشاور ڈاکٹر میاں سعید کے مطابق گرفتار ملزمان کو واردات کی جگہ کی نشاندہی کے لیے لے جایا جا رہا تھا کہ نامعلوم ملزمان نے پولیس پارٹی پر اندھا دھند فائرنگ کردی۔
سی سی پی او کا کہنا ہے کہ فائرنگ کے دوران زیرِ حراست چاروں ملزمان گولیاں لگنے سے ہلاک ہوگئے، جبکہ پولیس اہلکار محفوظ رہے۔
ہلاک ملزمان میں عامر، جلال عرف راجہ، چچے اور امداس شامل ہیں۔
سی سی پی او پشاور کے مطابق ملزمان نے اتوار کی شب گڑھی موسم خان میں گھر کی دیوار پھلانگ کر اسلحے کے زور پر خواتین کے ساتھ مبینہ گینگ ریپ کیا تھا۔

پولیس کے مطابق واقعے کا مقدمہ 6 ستمبر کو تھانہ رحمان بابا میں درج کیا گیا تھا، جبکہ گرفتار ملزمان کے قبضے سے واردات میں استعمال ہونے والا اسلحہ بھی برآمد کیا گیا تھا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ واقعے کی مزید تفتیش جاری ہے، جرائم پیشہ عناصر کے خلاف بلاامتیاز کارروائیاں جاری رہیں گی۔
