پشاور کے حیات آباد میڈیکل کمپلیکس (ایچ ایم سی) کی اسٹاف نرس مبینہ طور پر اپنے گھر میں پنکھے سے لٹک کر جاں بحق ہوگئیں۔

 

پولیس کے مطابق واقعہ 13 اگست کی دوپہر حیات آباد کی لیبر کالونی میں پیش آیا، جہاں 28 سے 29 سالہ نرس فرزانہ کی لاش گھر سے ملی۔ واقعے کی اطلاع انڈسٹریل اسٹیٹ پولیس چوکی کے اے ایس آئی ارشد خان نے پولیس کو دی، جس کے بعد پولیس نے موقع پر پہنچ کر لاش تحویل میں لے لی۔

 

یہ بھی پڑھیے: بغیر اجازت دوسری شادی کرنے والے خاوند پر جرمانہ غیر شرعی قرار

 

پولیس نے ضروری کارروائی کے بعد لاش پوسٹ مارٹم کے لیے خیبر میڈیکل کالج منتقل کردی، جبکہ واقعے کا مقدمہ بھی درج کرلیا گیا ہے۔

 

متوفیہ حیات آباد میڈیکل کمپلیکس کے انتہائی نگہداشت کے شعبے میں اسٹاف نرس کے طور پر فرائض انجام دے رہی تھیں اور ہسپتال ذرائع کے مطابق گزشتہ 8 سال سے ملازمت کر رہی تھیں۔ ان کا تعلق چترال سے تھا، جبکہ ان کے شوہر بھی چترال سے تعلق رکھتے ہیں۔

 

ایچ ایم سی کے نرسنگ نگران معاذ خان کے مطابق واقعے کی اصل وجہ تاحال معلوم نہیں ہوسکی اور اہل خانہ کی جانب سے بھی خودکشی کی کوئی حتمی وجہ سامنے نہیں آئی۔ ابتدائی طور پر ذاتی یا خاندانی مسائل کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔

 

ہسپتال انتظامیہ کے مطابق دستیاب معلومات کی بنیاد پر واقعے میں ہسپتال کا کوئی کردار سامنے نہیں آیا۔

 

پولیس نے واقعے کی مزید تحقیقات شروع کردی ہیں، جبکہ حتمی وجہ تحقیقات مکمل ہونے کے بعد سامنے آئے گی۔