اسلامی نظریاتی کونسل اور سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے مذہبی امور نے بغیر اجازت دوسری شادی پر 5 ہزار روپے جرمانے کے قانون کو غیر شرعی قرار دے دیا۔
سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے مذہبی امور و بین المذاہب ہم آہنگی کا اجلاس سینیٹر حافظ عبد الکریم کی زیرصدارت ہوا۔
اجلاس میں سینیٹر سرمد علی کی جانب سے 19 جنوری 2026ء کو سینیٹ میں پیش کیے گئے مسلم فیملی لاز (ترمیمی) بل 2026ء پر غور کیا گیا۔
یہ بھی پڑھیے: افغان سرزمین کا پاکستان مخالف دہشتگرد حملوں کیلئے استعمال ہونا افسوسناک ہے، صدر زرداری
بل میں بغیر اجازت دوسری شادی کرنے والے شوہر پر عائد 5 ہزار روپے جرمانہ بڑھا کر 50 ہزار روپے کرنے کی تجویز دی گئی ہے۔
اجلاس میں چیئرمین اسلامی نظریاتی کونسل ڈاکٹر راغب حسین نعیمی نے خصوصی شرکت کی اور فیملی قوانین میں مجوزہ ترامیم پر رائے دی۔
چیئرمین قائمہ کمیٹی سینیٹر حافظ عبد الکریم نے بل کو غیر شرعی قرار دیتے ہوئے کہا کہ جب شریعت نے دوسری شادی پر کوئی پابندی نہیں لگائی تو قانون کے ذریعے اس پر جرمانے کی پابندی کیسے عائد کی جاسکتی ہے۔
چیئرمین اسلامی نظریاتی کونسل ڈاکٹر راغب حسین نعیمی نے بھی بغیر اجازت دوسری شادی پر شوہر کو 5 ہزار روپے جرمانہ کرنے کی مخالفت کرتے ہوئے اسے شرعی طور پر درست قرار نہیں دیا۔
