صدر مملکت آصف علی زرداری نے 79 ویں یومِ آزادی پر قوم کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان کو مزید مضبوط، محفوظ اور خوشحال بنانے کے لیے قومی ترقی اور ملک کے اندرونی معاملات پر توجہ دینا ہوگی۔

 

انہوں نے کہا کہ آزادی صرف ایک تاریخی کامیابی نہیں بلکہ ایک ذمہ داری بھی ہے۔ 14 اگست ہمیں ان قربانیوں کی یاد دلاتا ہے جن کے نتیجے میں پاکستان قائم ہوا۔ صدر مملکت نے قائداعظم، تحریک آزادی کے رہنماؤں، کارکنوں اور قربانی دینے والوں کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔

 

یہ بھی پڑھیے: خیبر: جمرود میں رکشہ گہری کھائی میں جاگرا، 4 افراد جاں بحق

 

آصف علی زرداری نے کہا کہ معرکہ حق نے واضح کردیا کہ پاکستان امن کا خواہاں ہے، تاہم اپنی خودمختاری کے دفاع کی صلاحیت بھی رکھتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں موجود امن اور استحکام کے لیے بڑی قربانیاں دی گئی ہیں، جبکہ مسلح افواج، پولیس اور قانون نافذ کرنے والے اداروں نے قوم کے تحفظ میں اہم کردار ادا کیا ہے۔

 

افغانستان کے حوالے سے صدر مملکت نے کہا کہ پاکستان نے ہمیشہ افغان خودمختاری کا احترام اور حمایت کی ہے، تاہم افغان سرزمین کا دہشتگرد حملوں کے لیے استعمال ہونا اور افغان طالبان حکمرانوں کا پاکستان کے خلاف دہشتگردی میں تعاون افسوسناک ہے۔ انہوں نے پاکستانی عوام کے خلاف شرپسندانہ کارروائیاں روکنے پر زور دیا۔

 

صدر زرداری نے کہا کہ تنازعات کا حل بالآخر مذاکرات اور سفارت کاری کے ذریعے ہی نکالا جانا چاہیے۔ پاکستان کی سلامتی خطے اور دنیا کے امن و استحکام سے جڑی ہوئی ہے، اسی لیے کشیدگی کم کرنے کے لیے سازگار ماحول پیدا کرنے کی کوششیں جاری رکھی جائیں گی۔

 

انہوں نے کہا کہ ملکی معیشت کو مضبوط بنانے، نوجوانوں کے لیے مواقع پیدا کرنے اور تعلیم و ہنر کے شعبوں کو بہتر بنانے کی ضرورت ہے۔ تمام پاکستانی ملک کی ترقی میں اپنا کردار ادا کریں۔ صدر مملکت نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ پاکستان کی حفاظت فرمائے اور عوام کو امن و خوشحالی عطا کرے۔