ضلع خیبر کی تحصیل جمرود میں علی مسجد کے علاقے شاہ گئی دوسرہ کئی کے مقام پر پشاور واپس جانے والا رکشہ گہری کھائی میں جاگرا، جس کے نتیجے میں رکشے میں سوار 4 افراد جاں بحق ہوگئے۔
تفصیلات کے مطابق حادثہ تھانہ علی مسجد کی حدود میں پیش آیا۔ ذرائع کے مطابق جاں بحق افراد کسی پروگرام کے سلسلے میں جمرود آئے تھے اور ڈھول باجے بجانے کا کام کرتے تھے۔
یہ بھی پڑھیے: مسلسل اضافے کے بعد سونے کی قیمت میں کمی ہوگئی
پروگرام میں شرکت کے بعد وہ رکشے میں سوار ہوکر پشاور واپس جا رہے تھے کہ رات کی تاریکی میں شاہ گئی دوسرہ کئی کے مقام پر رکشہ بے قابو ہوکر گہری کھائی میں جاگرا۔
حادثے کے نتیجے میں رکشے میں سوار چاروں افراد موقع پر ہی جاں بحق ہوگئے۔ جاں بحق افراد کا تعلق پشاور کے علاقے شاقبول سے بتایا گیا ہے۔
حادثے کے بعد لاشیں جمرود سول ہسپتال منتقل کی گئیں، جہاں ورثاء نے پہنچ کر اپنے پیاروں کی شناخت کی۔ ضروری کارروائی مکمل ہونے کے بعد لاشیں ورثاء کے حوالے کردی گئیں۔
