پروونشل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) نے بارشوں کے حوالے سے الرٹ جاری کرتے ہوئے خیبر پختونخوا کے مختلف اضلاع میں 15 اگست تک گرج چمک کے ساتھ بارش کی پیشگوئی کی ہے۔
الرٹ کے مطابق چترال، دیر، سوات، شانگلہ، بونیر، کوہستان، بٹگرام، مانسہرہ اور ایبٹ آباد میں بارش متوقع ہے، جبکہ مردان، صوابی، پشاور، چارسدہ، نوشہرہ، خیبر، مہمند اور کرم میں بھی بارش کی پیشگوئی کی گئی ہے۔
یہ بھی پڑھیے: پشاور: شادی سے انکار پر لڑکے پر تیزاب پھینکنے کے کیس میں نیا رخ، خاتون نے کیا مؤقف اختیار کیا؟
پی ڈی ایم اے کے مطابق بارشوں کے باعث حساس پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ جبکہ مردان اور صوابی کے نشیبی علاقوں میں اربن فلڈنگ کا خدشہ ہے۔
ادارے نے ضلعی انتظامیہ کو پیشگی حفاظتی اقدامات یقینی بنانے، دریاؤں، ندی نالوں اور برساتی نالوں کی مسلسل نگرانی کرنے، جبکہ سڑکوں اور نکاسی آب کے نظام کو کلیئر رکھنے کی ہدایت کی ہے۔
عوام کو بارش اور گرج چمک کے دوران محفوظ مقامات پر رہنے، سیاحوں کو غیر ضروری سفر سے گریز کرنے اور دریاؤں، ندی نالوں اور برساتی نالوں سے محفوظ فاصلہ برقرار رکھنے کی ہدایت بھی کی گئی ہے۔
شدید بارش کے دوران ہائیکنگ، ٹریکنگ اور کیمپنگ سے گریز کرنے جبکہ سیلابی پانی میں پیدل چلنے یا گاڑی گزارنے کی کوشش نہ کرنے کا کہا گیا ہے۔ گرج چمک کے دوران بجلی کی کھلی تاروں اور برقی آلات سے دور رہنے کی بھی ہدایت کی گئی ہے۔
اتھارٹی نے بچوں کو دریاؤں، ندی نالوں، گڑھوں اور پانی کی نکاسی کے راستوں سے دور رکھنے کی ہدایت کرتے ہوئے متعلقہ اداروں کو صورتحال کی چوبیس گھنٹے نگرانی جاری رکھنے کا کہا ہے۔
