سردیوں کی آمد کے ساتھ ہی پاکستان کے کئی علاقوں میں گھریلو صارفین کو گیس کی کم فراہمی اور کم پریشر کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ صبح ناشتے کی تیاری، بچوں کو اسکول بھیجنا اور روزمرہ کے کام کرنا مشکل ہو جاتا ہے۔ کئی خاندان گیس آنے کے انتظار میں رات گئے یا صبح سویرے چولہا چیک کرتے ہیں تاکہ کھانا وقت پر تیار کیا جا سکے۔
میری والدہ سردیوں میں رات کے وقت یا صبح تین، چار اور پانچ بجے اٹھ کر گیس کی دستیابی دیکھتی ہے ۔ گیس آتی تو وہ جلدی سے کھانا پکانے اور ضروری کام نمٹانے کی کوشش کرتیں ہیں تاکہ دن کے وقت پریشانی نہ ہو۔ یہ معمول کئی دنوں تک جاری رہتا ہے اور ان کی نیند بھی متاثر ہوتی ہیں، کیونکہ گھر والوں کے لیے ناشتہ تیار کرنے کی ذمہ داری امی پر ہوتی ہے

گیس کی قلت کا اثر صرف کھانا پکانے تک محدود نہیں رہتا۔ خواتین کو گھر کے کاموں کے لیے اضافی وقت نکالنا پڑتا ہے، بچوں کے ناشتے میں تاخیر ہوتی ہے اور ملازمت یا اسکول جانے والے افراد کے معمولات متاثر ہوتے ہیں۔ ایسے حالات میں گھریلو ذمہ داریوں کا بڑا بوجھ خواتین پر پڑتا ہے، جو پہلے ہی روزمرہ کے متعدد کام انجام دیتی ہیں۔

سردیوں میں گیس کی طلب بڑھنے کی ایک بڑی وجہ گھروں میں ہیٹر، گیزر اور چولہوں کا زیادہ استعمال ہے۔ دوسری طرف پاکستان میں مقامی قدرتی گیس کی پیداوار اور دستیابی میں کمی ایک اہم مسئلہ ہے۔ اس فرق کے باعث سرد موسم میں بعض علاقوں میں گیس کا دباؤ کم ہو جاتا ہے اور صارفین کو طویل بندش کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔
گیس کی مسلسل قلت کے باعث بعض شہری غیر محفوظ طریقوں سے اسے ذخیرہ کرنے کی کوشش کرتے ہیں۔ بعض گھروں میں پلاسٹک کے بڑے غباروں اور تھیلوں میں گیس جمع کرنے کے واقعات بھی سامنے آتے ہیں۔ تاہم یہ طریقہ انتہائی خطرناک ہے۔ گیس کا رساؤ آگ لگنے اور دھماکے کا سبب بن سکتا ہے، جس سے گھر میں موجود افراد کے ساتھ پڑوسیوں کی جان بھی خطرے میں پڑ سکتی ہے۔ گیس کو اس طرح ذخیرہ کرنا محفوظ متبادل نہیں ہے۔

یہ سوال اہم ہے کہ چند گھنٹوں کے لیے چولہا جلانے کی خاطر خاندانوں کو اپنی حفاظت خطرے میں کیوں ڈالنی پڑے؟ گیس کی قلت لوگوں کو مشکلات سے دوچار ضرور کرتی ہے، لیکن غیر محفوظ طریقے اختیار کرنے سے مسئلہ مزید سنگین ہوسکتا ہے۔ عوام کو اس خطرے سے آگاہ کرنا اور انہیں محفوظ متبادل فراہم کرنا ضروری ہے۔

گیس کی فراہمی بہتر بنانے کے لیے سوئی ناردرن گیس پائپ لائنز لمیٹڈ اور سوئی سدرن گیس کمپنی کو پائپ لائنوں کی مرمت، گیس کے رساؤ اور ضیاع کی روک تھام اور کم پریشر والے علاقوں کی نشاندہی پر توجہ دینی چاہیے۔ گھریلو صارفین کو کھانا پکانے کے اہم اوقات میں گیس کی مناسب فراہمی اور بندش کے واضح شیڈول سے بھی سہولت مل سکتی ہے۔
حکومت کو سردیوں سے پہلے طلب اور رسد کا جائزہ لے کر مقامی گیس کی پیداوار، درآمدی گیس کے انتظامات اور طویل مدتی توانائی منصوبہ بندی پر کام کرنا چاہیے۔ اس کے ساتھ کم آمدنی والے خاندانوں کے لیے محفوظ اور قابلِ برداشت متبادل ایندھن کی دستیابی بھی یقینی بنانا ضروری ہے۔
گیس کی قلت محض توانائی کا مسئلہ نہیں بلکہ گھروں کے روزمرہ معمولات اور خواتین کی محنت سے بھی جڑا ہوا ہے۔ میری والدہ کی طرح بہت سی خواتین آج بھی رات گئے یا صبح سویرے گیس کا انتظار کرتی ہیں تاکہ گھر والوں کے لیے کھانا تیار کر سکیں۔ ضرورت اس بات کی ہے کہ متعلقہ ادارے اس مسئلے کا مستقل حل نکالیں تاکہ کسی ماں کو اپنے بچوں کا ناشتہ بنانے کے لیے اپنی نیند قربان نہ کرنی پڑے اور کوئی خاندان گیس ذخیرہ کرنے کے غیر محفوظ طریقوں پر مجبور نہ ہو۔
